پاکستان گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن کےقیام سےتائیکوانڈو کے فروغ میں نیا دور شروع،
ملک میں کھلاڑیوں کو اگے بڑھنے کی نئی راہیں کھل گئیں۔ مسعود خان آفریدی
عبیداللہ خان
تائیکوانڈو کی عالمی سطح پر ترویج اور ترقی کے لیے ورلڈ گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن کے قیام نے اس کھیل کے نئے امکانات کو جنم دیا ہے۔
دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان نے بھی اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن کی بنیاد رکھی ہے۔ اس فیڈریشن نے ملک بھر میں تربیتی کیمپوں اور مقابلوں کا آغاز کیا ہے،
جس سے کھلاڑیوں کو نئے قوانین کے مطابق تربیت دی جا رہی ہے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر مسابقتی بن سکیں اور دنیا کے ساتھ برابری کی بنیاد پر مقابلہ کر سکیں۔
پاکستان گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر محمد نبیل اور سیکرٹری جنرل مسعود خان آفریدی نے نہ صرف ملک کے چاروں صوبوں بلکہ اسلام آباد میں بھی ذیلی تنظیمیں قائم کی ہیں تاکہ تائیکوانڈو کی جڑیں مزید مضبوط ہوں۔
خیبرپختونخوا گلوبل تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے صدر محمد علی اور سیکرٹری اعلیٰ گل آفریدی نے گراس روٹس لیول پر کام کا آغاز کیا ہے، جس سے خیبرپختونخوا میں تائیکوانڈو کے کھلاڑیوں کو بہترین مواقع میسر آئیں گے۔
حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں تربیتی کیمپ منعقد کرنے کا اعلان اس منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد کھلاڑیوں کو جدید تربیت فراہم کرنا ہے۔کیمپ کے اختتام پر خیبرپختونخوا پاکستان گلوبل تائیکوانڈو چیمپئن شپ کا انعقاد بھی متعین کیا گیا ہے،
جو کہ اس منصوبے کا ایک اہم حصہ ہوگا۔ پاکستان گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن کی یہ کوششیں نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے پاکستان میں تائیکوانڈو کھیل کے فروغ کا باعث بنیں گی۔
ان تربیتی کیمپوں اور مقابلوں سے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار آئے گا، اور وہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کے قابل ہوں گے۔
پاکستان گلوبل تائیکوانڈو فیڈریشن کے قیام سے تائیکوانڈو کے کھیل کو ملک بھر میں نئی جہت ملی ہے۔ اس فیڈریشن کی کوششیں ملک کے نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کرنے کی راہ ہموار کر رہی ہیں۔