سندھ پریمیئر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کا دوسرا ایڈیشن قطر میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد ؛خصوصی رپورٹ ; نوازگوھر
سندھ پریمیئر لیگ کے وفد نے گزشتہ ہفتے کے دوران پہلے مرحلے میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی تھی۔
ملاقات کے دوران ایس پی ایل کے وفد میں چیئرمین ملک اسلم، وائس چیئرمین بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) زاہد محمود، اور صدر عارف ملک شامل تھے جبکہ سندھ حکومت کی نمائندگی سیکرٹری اسپورٹس جلال الدین مہر نے کی۔
صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد ایس پی ایل کے وفد نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے بھی سی ایم ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ایس پی ایل کے وفد نے سندھ حکومت کو سندھ پریمیئر لیگ قطر میں منعقد کرنے کے بارے میں بتایا، جبکہ سندھ حکومت نے لیگ کو کراچی یا حیدرآباد میں منعقد کرنے پر زور دیا۔
لیگ کے وفد نے سندھ کے وزیر برائے کھیل اور نوجوانوں کے امور سے ملاقات کی، جس میں وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ کا ایونٹ کراچی یا حیدرآباد میں منعقد ہو تو بہتر ہوگا۔
آج سندھ پریمیئر لیگ کے صدر عارف ملک نے بتایا کہ سندھ حکومت کی طرف سے لیگ کو قطر میں منعقد کرنے کی اجازت مل گئی ہے اور اب ٹیموں کے ٹرائلز سمیت قطر کی حکومت کے ساتھ معاملات طے کیے جائیں گے
جن میں ایونٹ کے میچز کس گراؤنڈ پر منعقد ہوں گے اور ساتھ ہی ٹرائلز کن شہروں میں لیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد میں ایونٹ منعقد کرنے کی سہولیات میسر نہ ہونے کی وجہ سے ایونٹ قطر میں منعقد کیا جائے گا۔
ایونٹ میں بینظیر آباد لالز، حیدرآباد بہادرز، کراچی غازی، لاڑکانہ چیلنجرز، سکھر پیٹرولائٹس، اور میرپور خاص ٹائیگرز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
ایس پی ایل کے پہلے ایڈیشن میں میرپور خاص ٹائیگرز نے حیدرآباد بہادرز کو 79 رنز سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔
سندھ پریمیئر لیگ کی ہر فرنچائز میں پانچ سندھ کا ڈومیسائل رکھنے والے کھلاڑی شامل ہوں گے اور ہر میچ میں ایک ٹیم میں دو سندھ کا ڈومیسائل رکھنے والے کھلاڑی شامل ہوں گے۔
سندھ پریمیئر لیگ کی ٹیموں کے لئے ٹرائلز سندھ کے تمام ریجنز میں ہوں گے اور ایونٹ کی افتتاحی میچ کراچی میں کھیلا جائے گا۔