پاکستان سپورٹس بورڈ ( پی ایس بی ) نے گزشتہ 5 سال کے دوران مختلف فیڈریشنز کو دیئے جانیوالے فنڈز کی تفصیلات جاری کر دیں۔
پاکستان سپورٹس بورڈ نے مالی سال 2019/20 سے لے کر مالی سال 2023/24 تک کے فنڈز کی تفصیلات جاری کیں جس کے مطابق مختلف فیڈریشنز اور ایتھلیٹس کو ایک ارب سے زائد کے فنڈز دیئے گئے،بورڈ سے جاری فنڈز کا بڑا حصہ گزشتہ 2 سال میں دیا گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق مالی سال 2023/24 میں مختلف فیڈریشنز اور کھلاڑیوں میں 50 کروڑ سے زائد، 2022/23 کے دوران 42 کروڑ سے زائد، 2020/21 میں سوا 4 کروڑ ، 2021/22 میں فیڈریشنز کو 6 کروڑ 95 لاکھ اور 2019/20 میں ڈھائی کروڑ جاری کئے گئے۔
پاکستان سپورٹس بورڈ کی دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا کہ بورڈ سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو 5 سال میں 10 کروڑ 36 لاکھ اور پچھلے مالی سال 5 کروڑ 90 لاکھ سے زائد جبکہ ایتھلیٹکس فیڈریشن کو 10 کروڑ سے زائد دیئے گئے،
مالی سال 2023/24 میں والی بال فیڈریشن کو 10 کروڑ کی گرانٹ جاری کی گئی جب کہ گزشتہ 5 سال میں والی بال فیڈریشن کو ساڑھے 11 کروڑ سے زائد فنڈز ملے۔
اس کے علاوہ پی ایس بی نے ایتھلیٹ فیڈریشن پاکستان کو مالی سال 2023/24 میں 7 کروڑ ، نیٹ بال فیڈریشن کو 5 سال میں 7 کروڑ اور نیٹ بال فیڈریشن کو پچھلے 2 سال میں ساڑھے 6 کروڑ اور ٹینس فیڈریشن کو 4 کروڑ 86 لاکھ روپے کی فنڈنگ دی۔
اسکواش فیڈریشن کو گزشتہ 5 سال کے دوران 5 کروڑ ، رائفل ایسوسی ایشن کو 2 کروڑ 65 لاکھ، باکسنگ فیڈریشن کو 3 لاکھ، پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کو پچھلے5 سال میں 2 کروڑ 47 لاکھ اور سائیکلنگ فیڈریشن کو پونے 4 کروڑ کے لگ بھگ فنڈز ملے۔