کرکٹ ورلڈکپ 2023 کی میزبانی سے بھارتی معیشت کو کتنا فائدہ ہوا؟

 بھارت کی معیشت کو گزشتہ سال آئی سی سی ورلڈکپ کی میزبانی سے ہونے والے فائدے کے حیران کن اعدادو شمار سامنے آگئے ہیں۔

گزشتہ سال اکتوبر سے نومبر کے درمیان بھارت کے 10 شہروں میں آئی سی سی ورلڈ کپ کے 48 میچز کھیلے گئے۔

بھارت نے پہلی بار تنہا ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کی، اس ورلڈکپ میں بھارت نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی لیکن ایونٹ کی ٹرافی آسٹریلیا کے نام رہی۔

بھارت ورلڈکپ تو نہ جیت سکا لیکن ایونٹ کی میزبانی نے اس کی معیشت کو حیران کن فائدہ پہنچایا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کی گئی ایک نئی اقتصادی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 اب تک کا سب سے بڑا اور کامیاب کرکٹ ٹورنامنٹ رہا جس نے میزبان ملک کی معیشت کو ناقابل یقین فائدہ دیا۔

آئی سی سی کی رپورٹ کے مطابق ورلڈکپ کی میزبانی سے بھارت نے 1.39 ارب ڈالرز( 11 ہزار 637 کروڑ بھارتی روپے) آمدن اکھٹی کی۔

ورلڈ کپ کے دوران غیر ملکی ٹیموں سمیت بڑی تعداد میں غیر ملکی سیاح بھی بھارت آئے۔ آئی سی سی کے مطابق ورلڈکپ 2023 میں ریکارڈ 1.25 ملین تماشائیوں نے شرکت کی جن میں سے تقریباً 75 فیصد پہلی بار میدان میں ورلڈکپ کا میچ دیکھنے آئے۔

آئی سی سی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ورلڈکپ میچز کے میزبان شہروں میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد کی وجہ سے رہائش، سفر اور کھانے پینے کی اشیاء کے ذریعے 861.4 ملین ڈالرز کی آمدنی ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق بھارت میں ورلڈکپ دیکھنے آئے شائقین نے اپنے قیام کے دوران متعدد سیاحتی مقامات کا دورہ کیا جس سے 281.2 ملین ڈالرز کی آمدنی ہوئی۔

آئی سی سی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی سے ایونٹ کے دوران بھارت میں 48 ہزار سے زائد نوکریاں بھی پیدا ہوئیں جس نےبھارت کی معیشت کو فائدہ پہنچانے میں بڑا حصہ ڈالا۔

تعارف: News Editor