راولپنڈی (نوازگوھر) ڈسٹرکٹ اتھلیٹک ایسوسی ایشن راولپنڈی نے “تیز ترین اتھلیٹ کی تلاش “ کے لئے مقابلوں کا اعلان کر دیاہے۔
جسمیں 100 میٹرز ریس کے ذریعے اتھلیٹس خود کو تیز ترین اتھلیٹ ثابت کر سکیں گے مقابلوں کے لئے ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی اور رائٹ ٹو پلے کی تنظیم معاونت کریں گی
تیز ترین اتھلیٹ کی تلاش کے پہلے مرحلے میں راولپنڈی ، چکوال،تلہ گنگ، اسلام آباد، پنڈدادنخان ، گوجرخان، جہلم،واہ،مری اور اٹک میں مقابلے ہوں گے۔
مقابلوں میں تین کیٹیگریز رکھی گئی ہیں، جن میں انڈر 17,انڈر 20 اور اوپن کیٹیگری رکھی گئی ہے۔ مقابلوں میں سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیز کے علاوہ سٹریٹ اتھلیٹس حصہ لے سکتے ہیں۔
تیز ترین اتھلیٹ کی تلاش کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین سابق ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ بریگیڈیر عارف صدیقی نے کہا کہ ٹیلنٹ کی تلاش اور نشاندہی کی طرف ایک بہترین قدم ہے۔ آرگنائزنگ سیکریٹری نے
اس حوالے سے بتایا کہ تیز ترین اتھلیٹ کی تلاش کے مقابلوں کا آغاز پاکستان سویٹ ہومز اسلام آباد کے بچوں سے ہو گااور پاکستان سویٹ ہومز کے چیئرمین زمرد خان مقابلوں کا افتتاح کریں گے۔
بعد ازاں مقابلے مختلف سکولوں،کالجز اور یونیورسٹیز سے ہوتے ہوئے اولذکر علاقوں میں ہونگے ۔ہر ابتدائی مقابلے میں پوزیشن ہولڈر اور بہترین ٹائم کے پیش نظراتھلیٹس کو فائنل مقابلوں کے لئے منتخب کیا جائیگا
اور 100 سے اتھلیٹس کو انعامات دیئے جائینگے جبکہ تیز ترین اتھلیٹ قرار دیئے جانے والے اتھلیٹس کو بڑے انعامات دیئے جائینگے۔
واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ اتھلیٹک ایسوسی ایشن کے صدر سید حبیب شاہ 100 میٹرز کے نہ صرف قومی چمپئن رہ چکے ہیں بلکہ وہ قومی ریکارڈ ہولڈر بھی رہے ہیں