پہلا ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل : جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 10 رنز سے ہرادیا

پہلا ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل : جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 10 رنز سے ہرادیا۔

ٹیزمین برٹس کی نصف سنچری، سعدیہ اقبال کی تین وکٹیں۔

عالیہ ریاض 52 رنز بناکر ناٹ آؤٹ۔

سلیمہ امتیاز انٹرنیشنل میچ میں امپائرنگ کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں۔

ملتان 17 ستمبر۔ 

عالیہ ریاض اور کپتان فاطمہ ثنا کی تمام تر کوششوں کے باوجود جنوبی افریقہ ویمنز نے پاکستان ویمنز کو بینک الفلاح ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں 10 رنز سے شکست دے دی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے۔
پاکستان ٹیم جواب میں 20 اوورز کی میں 5 وکٹوں پر 122 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔

اس میچ کی خاص بات یہ تھی کہ سلیمہ امتیاز انٹرنیشنل پینل آف ڈیولپمنٹ امپائرز میں نامزدگی کے بعد پہلی بار کسی ویمنز انٹرنیشنل میچ میں امپائرنگ کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں۔

جنوبی افریقہ کی اننگز کی خاص بات ٹیزمین برٹس کی نصف سنچری تھی۔

پاکستان کی طرف سے سعدیہ اقبال نے 34 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔دراصل انہوں نے اپنے دوسرے ہی اوور میں لگاتار گیندوں پر کپتان لورا وولوارٹ (11) اور اینیکے بوش (صفر) کی وکٹیں حاصل کرڈالی تھیں۔ دوسری جانب ندا ڈار نے ماریزان کیپ کو 14 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کردیا۔

ٹیزمین برٹس اور سنیلیز نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 63 رنز کا اضافہ کیا یہ پارٹنرشپ سعدیہ اقبال نے اپنے تیسرے اوور میں ُسنیلیز کو 27 رنز پر آؤٹ کرکےختم کی۔یہ ان کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 50 ویں وکٹ تھی۔

ٹیزمین برٹس نے5 چوکوں کی مدد سے56 رنز اسکور کیے اور وہ آؤٹ نہیں ہوئیں۔

کلوئی ٹرائیون 2 چھکوں کی مدد سے15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور صرف 15 کے مجموعی اسکور پر گل فیروزہ ( صفر ) سدرہ امین ( 4 ) اور منیبہ علی ( 6 ) آؤٹ ہوگئیں۔

21 کے مجموعی اسکور پر صدف شمس کی وکٹ بھی گرگئی۔ ندا ڈار 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں تو مجموعی اسکور پانچ وکٹوں پر صرف 47 رنز تھا۔

عالیہ ریاض پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے52 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں کپتان فاطمہ ثنا نے پانچ چوکوں کی مدد سے37 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی ان دونوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 75 رنز کا اضافہ کیا

لیکن ان کی کوششیں ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرنے کے لیے ناکافی ثابت ہوئیں۔ سیریز کے اگلے دو میچز18 اور 20 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔

مختصر اسکور۔ جنوبی افریقہ ویمنز132 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز )۔ٹیزمین برٹس 56 ناٹ آؤٹ ۔ سعدیہ اقبال 34 / 3 وکٹ۔

پاکستان ویمنز 122 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) ۔عالیہ ریاض 52 ناٹ آؤٹ ۔فاطمہ ثنا 37 ناٹ آؤٹ ۔ٹومی شیکھو کھونے 15 / 2 وکٹ ۔ ماریزان کیپ 22 / 2 وکٹ۔

نتیجہ ۔ جنوبی افریقہ ویمنز نے 10 رنز سے جیتا۔

تعارف: News Editor