بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ ; یو ایم ٹی مارخورز نے اینگرو ڈولفنز کو 92 رنز سے ہرادیا

بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ : یوایم ٹی مارخورز کی اینگرو ڈولفنز کے خلاف 92 رنز سے کامیابی۔

سلمان علی آغا کے 49 رنز اور 3 وکٹیں حاصل کیں۔

کامران غلام کی ٹورنامنٹ میں دوسری سنچری۔

مارخورز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے۔

کامران غلام کی ٹورنامنٹ میں دوسری سنچری۔ 113 رنز کی اننگز کھیلی۔

رضوان کے 51 اور سلمان علی آغا کے 49 رنز۔

ڈولفنز کی ٹیم جواب میں 192 رنز بناکر آؤٹ ۔ آصف علی کی نصف سنچری۔

سلمان علی آغا اور محمد عمران کی تین تین وکٹیں۔

کامران غلام پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

ٹورنامنٹ کا ساتواں میچ کل اینگرو ڈولفنز اور الائیڈ بینک اسٹالیئنز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

——————————————

فیصل آباد، 18 ستمبر ; نوازگوھر

یوایم ٹی مارخورز نے کامران غلام کی سنچری اور سلمان علی آغا کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ کے چھٹے میچ میں اینگرو ڈولفنز کو 92 رنز سے ہرادیا۔

یہ اس ٹورنامنٹ میں مارخورز کی تیسری کامیابی ہے۔ کامران غلام پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

ڈولفنز کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر مارخورز کو بیٹنگ دی جس نے 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز اسکور کیے۔ ڈولفنز کی ٹیم 43.5 اوورز میں 192بناکر آؤٹ ہوگئی۔

مارخورز کی اننگز میں میرحمزہ نے دونوں اوپنرز بسم اللہ خان اور محمد فیضان کو صرف 10 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کردیا تھا جس کے بعد کامران غلام اور کپتان محمد رضوان نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 122 رنز کا اضافہ کیا۔
کامران غلام نے12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 113 رنز بنائے ۔یہ اس ٹورنامنٹ میں ان کی دوسری سنچری ہے۔

اس سے قبل انہوں نے پینتھرز کے خلاف115 رنز اسکور کیے تھے۔ لسٹ اے ون ڈے میں یہ ان کی مجموعی طور پر آٹھویں سنچری ہے۔ محمد رضوان 3چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رنز بناکر عثمان قادر کی گیند پر اسٹمپڈ ہوگئے۔

سلمان علی آغا نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 49 رنز بنائے اور کامران غلام کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں 71 رنز کا اضافہ کیا۔ فہیم اشرف ڈولفنز کے سب سے کامیاب بولر رہے انہوں نے50 رنز دے کر سلمان آغا۔ افتخار احمد عبدالصمد اور محمد عمران کی وکٹیں حاصل کیں۔

ڈولفنز کی ابتدائی دو وکٹیں ہریرہ (صفر) اخلاق (ایک) صرف 13 رنز پر گرگئیں۔ یہ مشکلات اسوقت بڑھ گئیں جب سلمان علی آغا نے صاحبزادہ فرحان ( 24 ) قاسم اکرم ( 13 ) اور سعود شکیل ( 41 ) کی وکٹیں حاصل کرڈالیں۔

آصف علی 3 چھکوں اور3 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو ڈولفنز کے لیے یہ میچ محض رسمی کارروائی رہ گیا تھا۔ سلمان آغا کے علاوہ محمد عمران بھی تین وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

ٹورنامنٹ کا ساتواں میچ جمعرات کو ڈولفنز اور اسٹالیئنز کے درمیان کھیلا جائے گا ۔

مختصر اسکور۔ یوایم ٹی مارخورز 284 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ ( 50 اوورز ) ۔کامران غلام 113۔ محمد رضوان 51 ۔سلمان علی آغا 49 ۔ فہیم اشرف50 / 4 وکٹ ۔
اینگرو ڈولفنز ۔ 192 رنز ( 43.5 اوورز ) ۔ آصف علی 50 ۔ سعود شکیل 41 ۔ محمد عمران 28/ 3 وکٹ ۔ سلمان علی آغا 34 / 3 وکٹ۔  نتیجہ ۔ یوایم ٹی مارخورز نے 92 رنز سے جیتا۔

تعارف: News Editor