ون ڈے کرکٹ میں افغانستان نے ایک اور تاریخی فتح حاصل کی ہے۔
جنوبی افریقہ اور افغانستان کے درمیان تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں افغانستان نے چھے وکٹوں سے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر فاتحانہ آغاز کر دیا۔
بدھ کو شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے مقررہ ہدف میچ کے 26 ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر افغانستان کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 34 اوورز میں 106 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
جنوبی افریقہ نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو ٹیم کی پہلی وکٹ ریزہ ہینڈرکس کی صورت میں تیسرے اوور کے اختتام پر اس وقت گر گئی جب ٹیم کا مجموعی سکور 17 رنز تھے۔ اس کے بعد ایڈن مرکرم بھی پانچویں اوور میں دو رنز بنا کر پویلن لوٹ گئے۔
یوں سروعات سے جنوبی افریقہ کے بیٹنگ آرڈر کو مشکلات کا سامنا رہا۔ جنوبی افریقہ کے چار بیٹرز صفر پر ہی پویلین لوٹ گئے جبکہ تین کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل ہونے میں ناکام رہے۔
افغانستان کی جانب شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔ فضل الحق فاروقی نے چار کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ ان کے علاوہ اے ایم غضنفر نے تین اور راشد خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ اور افغانستان کے درمیان سیریز کے باقی دو میچز 20 اور 22 ستمبر کو شارجہ میں کھلیے جائیں گے۔