بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ ؛ نور پور لائنز نے یو ایم ٹی مارخورز کو 35 رنز سے ہرادیا

بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ : نور پور لائنز نے یو ایم ٹی مارخورز کو 35 رنز سے ہرادیا۔

نور پور لائنز کی ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی ، ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اسکور بھی بناڈالا۔

عرفان خان کی جارحانہ سنچری۔

——————————————

فیصل آباد 20 ستمبر ; نوازگوھر 

محمد عرفان خان کی لسٹ اے ون ڈے میں پہلی سنچری اور خوشدل شاہ کے ساتھ 147 رنز کی شاندار شراکت کی بدولت نور پور لائنز نے ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اسکور بناتے ہوئے بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ میں یوایم ٹی مارخورز کو 35 رنز سے شکست دے دی۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں لائنز کی پہلی کامیابی اور مارخورز کی پہلی شکست ہے۔

اس شکست کے باوجود مارخورز نے کوالیفائر میں جگہ بنالی ہے۔ہفتے کو لیک سٹی پینتھرز اور الائیڈ بینک اسٹالیئنز کے میچ کی فاتح ٹیم 24 ستمبر کو مارخورز سے مقابلہ کرے گی۔ اینگرو ڈولفنز کے لیے 25 ستمبر کا ایلیمینٹر میں کھیلنے کے لیے اتوار کو نورپور لائنز کو ہرانا ضروری ہوگا۔

اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لائنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 50 اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر367 رنز بنائے جو اس ٹورنامنٹ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

اس سے قبل مارخورز نے پینتھرز کے خلاف 6 وکٹوں پر347 رنز بنائے تھے۔ مارخورز نے جواب میں 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز بناسکی۔

لائنز کے اوپنرز امام الحق اور عبداللہ شفیق نے 110 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ امام الحق سات چوکوں کی مدد سے 51 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔یہ اس ٹورنامنٹ میں ان کی تیسری نصف سنچری ہے۔

عبداللہ شفیق نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان دونوں کو لیگ اسپنر زاہد محمود نے آؤٹ کیا۔

ان دونوں کے بعد محمد طحہ اور عمیر بن یوسف نے بالترتیب 31 اور 30 رنز بنائے لیکن عرفان خان اور خوشدل شاہ کی 147 رنز کی شراکت نے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا۔

خوشدل شاہ 45گیندوں پر 5 چھکوں اور4 چوکوں کی مدد سے73 رنز بناکر آؤٹ ہوئے لیکن عرفان خان نے اپنی جارحانہ بیٹنگ کو جاری رکھتے ہوئے 56 گیندوں پر100 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔

مارخورز کی اننگز میں فخرزمان نے چار چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 82 رنز بنائے۔

سلمان علی آغا نے ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے چار چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 69 رنز اسکور کیے۔وہ جب تک کریز پر رہے مارخورز کی جیت کی امیدیں موجود تھیں۔

خوشدل شاہ عامر یامین احمد دانیال اور شاہین آفریدی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ عرفان خان اپنی شاندار سنچری کی بدولت پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ کل کے میچ میں لیک سٹی پینتھرز اور الائیڈ بینک اسٹالیئنز کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔

مختصر اسکور۔ نور پور لائنز367 رنز6 کھلاڑی آؤٹ ( 50 اوورز ) ۔ عرفان خان 100 ناٹ آؤٹ ۔ خوشدل شاہ 73۔ عبداللہ شفیق 52 ۔ امام الحق 51۔ زاہد محمود 49 / 2 وکٹ۔

یو ایم ٹی مارخورز 332 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ ( 50 اوورز ) ۔ فخرزمان 82 ۔ سلمان علی آغا 69 ۔ عبدالصمد 42 ۔ عامریامین 54 / 2 وکٹ ۔ احمد دانیال 66 / 2 وکٹ۔خوشدل شاہ 67 / 2 وکٹ۔شاہین شاہ آفریدی 86 / 2 وکٹ۔

نتیجہ ۔ نور پور لائنز نے 35 رنز سے جیتا۔

تعارف: News Editor