"دو سال سے فنڈز کی عدم ادائیگی: صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ اور ایسوسی ایشنز مشکلات کا شکار”
مسرت اللہ جان
صوبائی محکمہ فنانس کی جانب سے گذشتہ دو سالوں سے گرانٹ اینڈ ایڈ کی مد میں صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ کو فنڈز کی ادائیگی نہیں کی جارہی، جس کی وجہ سے کھیلوں کی متعدد ایسوسی ایشنز مالی بحران کا شکار ہیں۔
اس کے علاوہ، محکمہ اوقاف کی زمینوں کے لئے دی جانیوالی رقوم بھی روک دی گئی ہیں، جس پر محکمہ اوقاف نے خبردار کیا ہے کہ اگر ادائیگی نہ کی گئی تو وہ اپنی زمینیں واپس لے لیں گے۔
سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے ذرائع کے مطابق، سال 2022 سے محکمہ فنانس نے چار اہم مدات میں، جن میں گرانٹ اینڈ ایڈ، محکمہ اوقاف کی ادائیگی، کھیلوں کی پروموشن، اور مینٹیننس شامل ہیں،
کوئی رقم جاری نہیں کی۔ اس مالی بحران کی وجہ سے سپورٹس ایونٹس کا انعقاد ممکن نہیں ہو رہا اور ایسوسی ایشنز کو بھی فنڈز نہیں مل رہے۔ ذرائع کے مطابق، ان ادائیگیوں کی مجموعی رقم کروڑوں روپے میں ہے۔
محکمہ اوقاف نے خبردار کیا ہے کہ وہ ان 32 مقامات کی زمینوں کو واپس لیں گے، جو انہوں نے سپورٹس ڈائریکٹریٹ کو لیز پر دی ہوئی ہیں، اگر ادائیگی نہیں کی گئی۔ اس بحران کے باعث ایسوسی ایشنز کا ڈائریکٹریٹ پر اعتماد ختم ہو چکا ہے،
اور وہ کسی ایونٹ میں حصہ نہیں لے رہے۔جبکہ آنیوالے قائد اعظم گیمز سمیت سال 2025 میں ہونیوالے نیشنل گیمز میں بھی خیبرپختونخواہ سپورٹس ڈائریکٹریٹ کو مختلف کھیلوں میں کھلاڑیوں کی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا.
سپورٹس ڈائریکٹریٹ کی جانب سے فنانس ڈیپارٹمنٹ کو 2023 کے دوران فنڈز کی درخواستیں بھیجی گئی تھیں، لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ اس کے نتیجے میں، ایسوسی ایشنز نے اپنے مطالبات منوانے کے لئے احتجاج کا امکان ظاہر کیا ہے۔
سپورٹس ڈائریکٹریٹ اپنی مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مختلف کمپلیکسز کی آمدنی اور سپورٹس انڈومنٹ فنڈز سے کام چلا رہا ہے، لیکن یہ ناکافی ثابت ہو رہا ہے۔