بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ کے پلے آف مرحلے کا آج سے آغاز۔
کل کوالیفائر میں یوایم ٹی مارخورز اور لیک سٹی پینتھرز کا مقابلہ ہوگا۔
بدھ کو پہلے ایلیمنیٹر میں الائیڈ بینک اسٹالیئنز اور نور پور لائنز مدمقابل ہونگی۔
فیصل آباد 23 ستمبر ; نوازگوھر
بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ کا پلے آف مرحلہ منگل سے شروع ہوگا۔ کل کوالیفائر میں یوایم ٹی مارخور کا مقابلہ لیک سٹی پینتھرز سے مقابلہ ہوگا۔
بدھ 25 ستمبر کو پہلے ایلیمنیٹر میں الائیڈ بینک اسٹالیئنز اور نور پور لائنز کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔
کوالیفائر کی فاتح ٹیم فائنل میں جگہ حاصل کر لے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم بدھ کے ایلیمینیٹر کی فاتح سے 27 ستمبر کو ایلیمینیٹر 2 میں مقابلہ کرے گی۔
فائنل 29 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
12 سے 22 ستمبر تک دس میچوں کے سنگل لیگ راؤنڈ کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر مارخورز اور پینتھرز بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر رہیں۔ جبکہ اسٹالیئنز اور لائنز کا تیسرا اور چوتھا نمبر رہا۔ اینگرو ڈولفنز، ٹورنامنٹ میں چار میچوں میں سے صرف ایک میچ جیتنے کے بعد پانچویں اور آخری پوزیشن پر رہی۔
مارخور اور پینتھرز نے لیگ راؤنڈ کے چار میں سے تین میچز جیتے۔ اسٹالینز نے دو جیتے اور دو ہارے جبکہ لائنز اپنے لیگ راؤنڈ کے تین میچ ہارے اور ایک میں فاتح رہی۔
بیٹنگ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں مارخورز کے کامران غلام نے چار میچوں میں دو سنچریوں کی مدد سے 61.75 کی اوسط سے 247 رنز بنائے۔ اسٹالیئنز کے بابر اعظم اور طیب طاہر بالترتیب 230 (76.67 اوسط) اور 221 (55.25 اوسط) رنز کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
بولنگ میں پینتھرز کے تیز بولر محمد حسنین نے 11 وکٹیں حاصل کیں جن میں لسٹ اے ون ڈے کی بہترین بولنگ 74 رنز دے کر5 وکٹیں شامل ہے۔ اسٹالیئنز کے جہانداد خان 10 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ زاہد محمود (مارخورز ) اور شاہین شاہ آفریدی (لائنز) 9 ، 9 وکٹوں کے ساتھ مشترکہ تیسرے نمبر پر ہیں۔
یو ایم ٹی مارخورز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ہم نے ایک شکست کے علاوہ بحریہ ٹاؤن میچوں کے لیگ راؤنڈ میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور ہم اللہ کی مدد سے جیت کے اس تسلسل کو پلے آف میں بھی برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
کوالیفائر انتہائی چیلنجنگ ہونے والا ہے اور مجھے یقین ہے کہ فینز کو ایک سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
لیک سٹی پینتھرز کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ پہلا میچ ہارنے کے بعد ہم جیت کی طرف واپس آئے جس کی وجہ ہمارے کچھ بیٹرز اور بولرز کی فارم میں واپسی ہے جو مضبوط مارخورز کے خلاف سب سے اہم کوالیفائر میں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کے لئے بے تاب ہیں اور ہم اپنا قدم آگے بڑھانے کے منتظر ہیں۔
الائیڈ بینک اسٹالینز کیپٹن محمد حارث کہتے ہیں کہ بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ کا لیگ راؤنڈ بہت ہی مسابقتی رہا ہے اور اسٹالیئنز اب اس چیلنج کے لیے تیار ہے جو آگے ہے۔ لائنز کے خلاف ہمارا میچ انتہائی اہم ہوگا اور مجھے امید ہے کہ ہم اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے
نورپور لائنز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم پورے لیگ راؤنڈ میں آزمائی جاچکی ہے اور اب ایلیمینیٹر اس قیمتی تجربے کو استعمال کرنے کا بہترین موقع ہے۔ ہم اسٹالینز کی طاقت سے واقف ہیں اور بدھ کو ہونے والے ناک آؤٹ گیم میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
پلے آف مرحلے کا شیڈول:
24 ستمبر – کوالیفائر: یوایم ٹی مارخورز بمقابلہ لیک سٹی پینتھرز۔ سہ پہر 3 بجے۔
25 ستمبر – ایلیمینیٹر 1: الائیڈ بینک اسٹالینز بمقابلہ نور پور لائنز۔سہ پہر 3 بجے
27 ستمبر – ایلیمینیٹر 2: کوالیفائر کا ہارنے والا بمقابلہ ایلیمینیٹر 1 کا فاتح۔ سہ پہر 3 بجے۔
29 ستمبر – فائنل: کوالیفائر کا فاتح بمقابلہ ایلیمینیٹر 2 کا فاتح۔ سہ پہر 3 بجے۔