ڈیوین براوو کا تمام طرح کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

 ویسٹ انڈیز کے سابق آل راؤنڈر ڈیوین براوو نے تمام طرح کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی تصدیق کر دی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈیوین براوو نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں کہا کہ میرا جسم مزید درد، ٹوٹ پھوٹ اور تناؤ برداشت نہیں کر سکتا۔ اس لیے بھاری دل کے ساتھ باضابطہ طور پر ہر طرح کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہا ہوں۔

یاد رہے کہ براوو نے ویسٹ انڈیز کے ٹی 20 ٹورنامنٹ کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کے جاری ایڈیشن سے قبل اعلان کیا تھا کہ یہ ان کا آخری ٹورنامنٹ ہوگا۔ وہ سی پی ایل میچ کے دوران کمر کی تکلیف میں مبتلا ہو گئے تھے۔

واضح رہے کہ ڈیوین براوو نے 2023 میں انڈین پریمیئر لیگ جبکہ 2021 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔

انہوں نے اپنے ایک روزہ بین الاقوامی کیریئر میں 164 میچز کھیل کر 2968 رنز بنائے۔ جبکہ انہوں نے 199 وکٹ بھی حاصل کر رکھی ہیں۔ اس کے علاوہ ٹی 20 میچز میں بھی براوو نے 91 میچز کھیل کر 1255 رنز بنائے اور 77 وکٹیں حاصل کیں۔

تعارف: News Editor