پی ایس بی پشاور سینٹر کے ہال ایک ماہ سے بند، کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا

پی ایس بی پشاور سینٹر کے ہال ایک ماہ سے بند، کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا

پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) پشاور سینٹر کے جمنازیم، سکواش گراو?نڈ، اور کراٹے کے ہال ایک ماہ سے مکمل طور پر بند ہیں۔ پی ایس بی اسلام آباد کی جانب سے بھاری بھرکم فیسوں کے مطالبے کے بعد، پشاور صدر میں واقع پی ایس بی پشاور سینٹر کے تینوں ہال بند کردیے گئے ہیں۔

اس صورتحال کے باعث سکواش، بیڈمنٹن، اور والی بال کے کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جو پہلے ان ہالز میں ٹریننگ کرتے تھے۔

جمنازیم ہال میں والی بال کے کھلاڑیوں کی پریکٹس ہوتی تھی، جبکہ مخصوص اوقات میں بیڈمنٹن کی ٹریننگ بھی اسی جگہ پر کی جاتی تھی۔ محب اللہ خان سکواش کورٹ میں سکواش کے کھلاڑیوں کی ٹریننگ جاری تھی،

اور جوڈو ہال میں بھی ورزش کی جاتی تھی۔ لیکن ایک ماہ قبل انتظامیہ نے ساڑھے سات ہزار روپے داخلہ فیس اور پندرہ سو روپے ماہانہ فیس کا مطالبہ کیا، جو کہ پشاور کے زیادہ تر کھلاڑیوں کی استطاعت سے باہر تھا۔

اس وجہ سے کھلاڑیوں نے فیس کی ادائیگی سے معذوری ظاہر کی، جس کے نتیجے میں پی ایس بی پشاور سینٹر کی انتظامیہ نے تمام کھیلوں کی سہولیات بند کر دیں۔

قبل ازیں آرچری کی ٹریننگ بھی یہاں ہوتی تھی، لیکن وہ بھی بند کر دی گئی۔ پی ایس بی پشاور سینٹر کے ذرائع کے مطابق، تینوں ہال بند ہونے کے باعث وہاں صفائی کا بھی فقدان ہے۔

کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے دعویدار پی ایس بی کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیاں صوبے کے زیادہ تر کھلاڑیوں پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔

تعارف: News Editor