انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے میچ فکسنگ کے الزامات پر سری لنکن کرکٹر پروین جایا وکرما پر ایک سال کی پابندی عائد کردی۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سری لنکن کرکٹر پروین جایا وکرما نے اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی کی ہے، وہ ایک سال تک کسی بھی قسم کی کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔ آئی سی سی نے سری لنکن کھلاڑی کو چھ ماہ کے لیے معطل بھی کردیا ہے۔
واضح رہے کہ اسپنر پروین جایا وکرما پر سری لنکن لیگ کے دوران میچ فکسنگ کے الزامات لگے تھے۔ آئی سی سی کے مطابق سری لنکن اسپنر نے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی تسلیم کرلی ہے۔
یاد رہے کہ پراوین جیا وکراما نے سری لنکا کی جانب سے 5، ون ڈے، 5 ٹیسٹ اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں۔
گزشتہ ماہ سری لنکا کے سابق اوپننگ بلے باز دلیپ سماراویرا پر کرکٹ وکٹوریہ میں ملازمت کے دوران نامناسب رویے میں ملوث ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا میں کوچنگ کرنے پر 20 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔