آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آج سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگا۔
پاکستان اپنا پہلا میچ کل سری لنکا کے خلاف شارجہ میں کھیلے گا۔
دبئی 2 اکتوبر۔ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 آج سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگا۔ اٹھارہ روزہ ٹورنامنٹ میں دس ٹیمیں حصہ لیں گی۔
پاکستان ویمنز ٹیم کو گروپ اے میں آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ گروپ بی میں بنگلہ دیش، انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔
فاطمہ ثنا کی قیادت میں پاکستان ویمنز ٹیم ٹورنامنٹ کے اپنے افتتاحی میچ میں آج سری لنکا سے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوگی۔ پاکستان 6 اکتوبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں انڈیا کے خلاف کھیلے گا۔
اس کے بعد پاکستان 11 اکتوبر کو دبئی میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف میدان میں اترے گا جبکہ اس کا آخری گروپ میچ 14 اکتوبر کو اسی مقام پر نیوزی لینڈ کے خلاف ہوگا۔
ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق ہر گروپ سے ٹاپ دو ٹیمیں 17 اور 18 اکتوبر کو ہونے والے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی جبکہ ٹورنامنٹ کے فاتح کا فیصلہ 20 اکتوبر کو کیا جائے گا۔
پاکستان نے ٹورنامنٹ سے قبل اسکاٹ لینڈ اور بنگلہ دیش کے خلاف دو وارم اپ میچز کھیلے ہیں اور حالات سے ہم آہنگ ہونے کے لیے مختلف پریکٹس سیشنز میں بھی حصہ لیا ہے۔
پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا نے اپنی ٹیم کی تیاریوں کے بارے میں کہنا ہے کہ ہم نے میگا ایونٹ کے لیے اچھی تیاری کی ہے۔ یو اے ای آنے سے پہلے جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز نے ہمیں اپنی طاقت کو جاننے میں مدد کی اور ہماری بیٹرز کو اپنی فارم دکھانے کا موقع دیا۔
دو پریکٹس میچز نے یہاں کے حالات کا اندازہ لگانے میں بھی ہماری مدد کی ہے اور ہمیں ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کے صحیح کامبی نیشن کے بارے میں بھی چیزیں واضح ہوگئی ہیں۔
پاکستان کا پندرہ رکنی اسکواڈ۔
فاطمہ ثنا (کپتان ) عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ ، گل فیروزہ ، ارم جاوید، منیبہ علی ( وکٹ کیپر) نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ ، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن ٹریولنگ ریزرو۔ نجیہہ علوی ( وکٹ کیپر ) نان ٹریولنگ ریزرو۔ رامین شمیم اور ام ہانی
پلیئر سپورٹ اسٹاف۔ حنا منور (منیجر) محمد وسیم (ہیڈ کوچ) جنید خان (اسسٹنٹ کوچ / بولنگ) حنیف ملک (اسسٹنٹ کوچ / فیلڈنگ) عبدالرحمن ( اسپن بولنگ کوچ) عمران خلیل (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ) محمد رفیع اللہ۔ (میڈیا اور ڈیجیٹل منیجر) رابعہ صدیق ( فزیو تھراپسٹ) اور ولید احمد (انالسٹ )۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے میچز۔
3 اکتوبر بمقابلہ سری لنکا شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم۔ پاکستانی وقت کے مطابق سات بجے۔
6 اکتوبر بمقابلہ بھارت دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم۔ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر تین بجے ۔
11 اکتوبر بمقابلہ آسٹریلیا ۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم۔ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے۔
14 اکتوبر بمقابلہ نیوزی لینڈ ۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم ۔ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے۔