ڈپٹی کمشنر مردان اوپن شطرنج چمپئن شپ 12 اکتوبر کو مردان اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوگی
پشاور: ڈپٹی کمشنر مردان اوپن شطرنج چمپئن شپ 12 اکتوبر کو مردان اسپورٹس کمپلیکس میں ہوگی، جس میں مردوں اور خواتین کی اوپن کیٹیگریز کے ساتھ ساتھ انڈر 14 اور انڈر 15 کے مقابلے بھی شامل ہوں گے۔
چمپئن شپ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں مجموعی طور پر ڈھائی لاکھ روپے کے نقد انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، کھلاڑیوں کو ٹرافیاں، میڈلز اور سرٹیفکیٹس بھی دیے جائیں گے۔
یہ چمپئن شپ خیبرپختونخوا شطرنج ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام اور ضلعی انتظامیہ مردان کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے۔ خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر سے مرد و خواتین کھلاڑی اس میں شرکت کریں گے۔
صوبائی شطرنج ایسوسی ایشن کے سیکریٹری کاشف سلیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایسوسی ایشن صوبے میں شطرنج کے فروغ کے لیے بھرپور انداز میں کام کر رہی ہے اور اس چمپئن شپ کے علاوہ دیگر کئی ایونٹس کا انعقاد کر چکی ہے، جن میں خواتین اور بچوں کو بھرپور مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔
کاشف سلیم نے مزید کہا کہ صوبائی شطرنج ایسوسی ایشن کے صدر عمر خان اور دیگر عہدیداروں کی کوششوں کے نتیجے میں مردان میں ضلعی شطرنج ایسوسی ایشن کے اشتراک سے یہ چمپئن شپ منعقد کی جا رہی ہے، جس میں ملک بھر کے مایہ ناز کھلاڑی شرکت کر کے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
اوپن کیٹیگری میں فاتح کھلاڑی کو 40 ہزار روپے اور رنر اپ کو 30 ہزار روپے بطور انعام دیا جائے گا، جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 25 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
چوتھی سے آٹھویں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو بالترتیب 15 ہزار، 10 ہزار، 8 ہزار، 6 ہزار اور 4 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ نویں سے پندرہویں پوزیشن کے کھلاڑیوں کو فی کس 2 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔
خواتین کے اوپن کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی کھلاڑی کو 20 ہزار روپے، دوسری کو 12 ہزار روپے اور تیسری کو 8 ہزار روپے ملیں گے۔ اسی طرح انڈر 15 کیٹیگری میں فاتح کھلاڑی کو 15 ہزار روپے،
رنر اپ کو 10 ہزار روپے اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 5 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ انڈر 14 کیٹیگری کے فاتح کو 5 ہزار روپے کا انعام ملے گا۔
کاشف سلیم کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی مالی معاونت سے شطرنج کے کھیل کو مزید فروغ ملے گا اور کھلاڑی مالی طور پر مستحکم ہوں گے، جو ان کی کارکردگی پر مثبت اثر ڈالے گا۔
اس کے علاوہ، ٹرافیاں، میڈلز اور سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے جائیں گے تاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو۔