ملائکہ نور, عالمی سطح پر پاکستان جوڈو کا ابھرتا ہوا ستارہ بن گئی

ملائکہ نور, عالمی سطح پر پاکستان جوڈو کا ابھرتا ہوا ستارہ بن گئی

پشاور: غنی الرحمن

خیبر پختونخوا کی باصلاحیت خاتون جوڈو کھلاڑی ملائکہ نور کی تاجکستان میں ہونے والی ورلڈ جونیئر کیڈٹ جوڈو چیمپئن شپ میں کارکردگی ناقابل شکست رہی۔میڈل نہ جیتنے کے باوجود شاندار فائٹ کا مظاہرہ کر کے زبردست پزیرائی حاصل کی اور عالمی سطح پر ضلع لکی مروت اور خیبر پختونخوا کا نام روشن کیا۔

پاکستان کی بہترین جوڈو کھلاڑیوں میں شمار ہونے والی ملائکہ نور نے یورپیئن جوڈو کپ کی گولڈ میڈلسٹ اور یورپیئن جونیئر چیمپئن شپ کی سلور میڈلسٹ ماریہ نامی سینئر اورکافی تجربہ رکھنے والی کھلاڑی کے ساتھ سخت مقابلہ کیا،

ماریہ نے کئی دیگر عالمی مقابلوں میں بھی متعدداعزازات حاصل کیے ہیں۔ ان دونوں کے درمیان مقابلہ اتنا سنسنی خیز تھا کہ ہر ایک کی نظریں اس فائٹ پر جمی رہیں۔

ملائکہ نور نے اس سے قبل قومی جوڈو چیمپئن شپ میں سلور میڈل لیا، کوئٹہ کے حالیہ نیشنل گیمز میں چاندی کا تمغہ اور پشاور میں ہونے والے بین الصوبائی گیمز میں سونے کا تمغہ جیتا ہے۔ ملائکہ نور پاکستان کی پہلی اورواحد خاتون جوڈو کھلاڑی ہیں جنہوں نے ورلڈ جونیئر کیڈٹ جوڈو چیمپئن شپ میں شرکت کی۔

اس ضمن میں جب پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سیکرٹری مسعود احمد سے رابطہ کیا توانہوں نے ملائیکہ نور کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملائکہ نور ایک انتہائی باصلاحیت کھلاڑی ہیں،

ان میں وہ تمام خوبیاں موجود ہیں جو ایک عالمی سطح کے کھلاڑی میں ہونی چاہئیں۔ ہمیں ان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں اور انشاءاللہ وہ مستقبل میں پاکستان کے لیے کئی بین الاقوامی اعزازات جیتیں گی۔

ملائیکہ نور کی کہانی محنت، لگن اور کھیل کے لیے ان کے جنون کی عکاسی کرتی ہے، جو سرحدوں سے اگے ہے۔ تاجکستان میں ان کی کارکردگی نے ان کے اور پاکستان کے لیے ایک روشن مستقبل کی راہیں ہموار کر دی ہیں۔

تعارف: News Editor