سندھ کے محمد صائم کی شاندار کامیابی,آل پاکستان نیشنل جونیئر اسکواش چیمپئن بن گئے
پشاور (اسپورٹس لنک رپورٹ) پہلی آل پاکستان نیشنل جونیئر اسکواش چیمپئن شپ ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد اپنے اختتام کو پہنچی،
جہاں سندھ کے باصلاحیت کھلاڑی محمد صائم نے پاکستان ایئرفورس کے احمد علی ناز کو سخت مقابلے میں 3-2 سے شکست دے کر چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا۔
حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ اس ایونٹ کے فائنل میں محمد صائم اور احمد علی ناز کے درمیان مقابلہ ہوا، جہاں دونوں کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، لیکن صائم نے اپنی مہارت اور صبر کے ساتھ بازی ماری۔
فائنل کے بعد ایک پروقار تقریب میں حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس کے ایڈمنسٹریٹر، عابد آفریدی، نے دونوں فائنلسٹ کھلاڑیوں کو ٹرافیاں پیش کیں۔
اس سے قبل سیمی فائنلز میں پاکستان ایئرفورس کے احمد علی ناز نے خیبر پختونخوا کے عبدالرحمن کو 3-0 سے شکست دی، جس میں اسکور 13-11، 15-13، 9-11 اور 11-1 رہا۔
دوسرے سیمی فائنل میں سندھ کے محمد صائم نے خیبر پختونخوا کے ریان زمان کو 3-0 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا، جس کا اسکور 11-9، 11-8، 11-5 تھا۔
یہ چیمپئن شپ خیبرپختونخوا اسکواش ایسوسی ایشن اور حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس پشاور کی انتظامیہ کے اشتراک سے کامیابی کے ساتھ منعقد کی گئی۔