ساف ویمنز چیمپئن شپ ؛ پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کو این او سی جاری ، نیپال روانہ

 

ساف ویمنز چیمپئن شپ: قومی ویمن ٹیم کو این او سی جاری کردیا گیا

پاکستان سپورٹس بورڈ نے فٹبال نارملایزیشن کمیٹی کی جانب سے این او سی کا طریقہ کار فالو نہ کرنے کے باوجود وسیع تر ملکی مفاد میں قومی ویمنز فٹبال ٹیم کوساف چیمپٗن شپ کے لیے این او سی جاری کردیا

ساف ویمنز چیمپئن شپ 2024 کیلئے قومی ویمن ٹیم کو حکومت کی جانب سے این او سی جاری کردیا گیا۔ قومی ٹیم آج دوپہر اسلام آباد سے نیپال روانہ ہوگی، قومی ٹیم نجی ایئرلائن کی پرواز سے براستہ دبئی، کھٹمنڈو پہنچے گی ۔

دستے میں چوبیس کھلاڑیوں کے ساتھ آٹھ آفیشلز شامل ہیں۔ ساف ویمنز فٹبال چیمپٗن شپ سترہ سے تیس اکتوبر تک کھٹمنڈو میں ہورہی ہے۔ قومی ٹیم پہلا میچ بھارت کے خلاف سترہ اکتوبر کو کھیلے گی۔

ساف ویمنز چیمپئن شپ 17 سے 30 اکتوبر تک کھیلی جائے گی، قومی ٹیم اپنی مہم کا آغاز بھارت کےخلاف 17 اکتوبر کو کرے گی ۔ بعد ازاں گروپ مرحلے میں 20 اکتوبر کو بنگلادیش کے ساتھ مقابلہ ہوگا۔

ساف ویمنز چیمپئن شپ 2024 میں ٹیم پاکستان کے دونوں میچ شام 4 بج کر 45 منٹ پر کھیلے جائیں گے۔

خیال رہے کہ ماضی میں بھی پاکستان کی فٹبال ٹیموں کو این او سی سے متعلق مسائل کا سامنا رہا ہے اور متعدد مرتبہ اس معاملے پر پی ایف ایف اور پی ایس بی آمنے سامنے آئے تاہم ماضی میں معاملات آخری لمحات میں حل ہوتے رہے تھے۔

دوسری جانب پاکستان سپورٹس بورڈنے تمام فیڈریشنز پر واضح کررکھا ہے کہ وہ بیرون ملک جانے کے لیے بروقت این او سی کے لیے رجوع کریں،تمام ممکنہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کے بروقت پروفایٗلز بھجوانے کی ہدایت کررکھی ہے۔

ایونٹ کے بعد کارکردگی رپورٹ بھی شیٗر کرنا ضروری قراردیاگیاہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ معاملات کو درست سمت میں گامزن کرنے کے لیے اب ہر چیز اپنی ویب سائٹ پر اپ اپلوڈ کررہا ہے تاکہ پاکستان سپورٹس کوبہتر کیاجاسکے۔

یاد رہے کہ پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کو اس ماہ ہونے والی ساف ویمن چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے این او سی جاری کرنے سے انکار کردیا گیا تھا۔

تعارف: News Editor