انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کل سے لاہور میں شروع ہوگا

انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کل سے لاہور میں شروع ہوگا۔

ٹورنامنٹ میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ فائنل 3 نومبر کو ہوگا۔

لاہور 13 اکتوبر۔ انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کل سے ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں شروع ہوگا۔ پانچ ٹیمیں چیلنجرز، کانکررز۔ انونسیبلز ، اسٹارز اور اسٹرائیکرز ڈبل لیگ فارمیٹ کے اس ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی، ہر ٹیم کو آٹھ میچ کھیلنے ہیں ۔دو ٹاپ ٹیمیں 3 نومبر کو فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

ایونٹ کے تمام 21 میچز لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے جس میں ہر روز دو میچ کھیلے جائیں گے۔ دن کا پہلا میچ صبح 9. بجے شروع ہوگا جبکہ دوسرے میچ کی پہلی گیند دوپہر ایک بجے کرائی جائے گی۔

ٹورنامنٹ میں 75 کرکٹرز ایکشن میں نظر آئیں گے ۔ ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم گیارہ لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو پانچ لاکھ روپے اور رنرز اپ کو تین لاکھ روپے ملیں گے۔

اس ٹورنامنٹ سے نوعمر کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے اور اس سال کے آخر میں ہونے والے اے سی سی انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ اور جنوری 2025 میں ملائیشیا میں ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم میں شامل ہونے کا موقع مل سکے گا۔

ایکشن میں 75 کھلاڑیوں میں آٹھ کرکٹرز اریشہ انصاری ( کانکررز ) کومل خان ( کانکررز ) لائبہ ناصر (کانکررز ) ماہم انیس (اسٹرائیکرز) میمونہ خالد (اسٹارز) راویل فرحان (کانکررز ) سمیعہ افسر (کانکرز)

اور زوفشان ایاز (اسٹرائیکرز) پاکستان انڈر 19 اسکواڈ کا حصہ تھیں جس نے اس سال بنگلہ دیش میں خواتین کے انڈر 19 سہ ملکی ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا۔

اس ایونٹ میں 15 شہروں کی کھلاڑی شرکت کریں گی جن میں ایبٹ آباد ، بہاولپور، حویلی لکھا، ہنزہ، مردان اور واہ کینٹ سے بھی کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے ۔

یہ سلیکشن سابق ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق اور سابق انٹرنیشنل کرکٹر بتول فاطمہ پر مشتمل قومی ویمنز سلیکشن کمیٹی نے اس سال اگست/ ستمبر میں ملک گیر اوپن ٹرائلز کے ذریعے کیا تھا۔

تعارف: News Editor