اسٹیٹ بینک کی ٹیم پریذیڈنٹ ون ڈے کپ کے فائنل میں پہنچ گئی
سیمی فائنل میں پی ٹی وی کو 71 رنز سے شکست کا سامنا ۔
اسٹیٹ بینک نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر342 رنز بنائے۔
رمیز عزیز اور عرفان خان کی نصف سنچریاں۔
پی ٹی وی کی ٹیم جواب میں 271 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
صاحبزادہ فرحان فہیم اشرف اور امام الحق کی نصف سنچریاں۔
کاشف بھٹی اور نیاز خان کی تین تین وکٹیں۔
فائنل 16 اکتوبر کو اسٹیٹ بینک اور ایس این جی پی ایل کے درمیان فیصل آباد میں کھیلا جائے گا
گوجرانوالہ 14 اکتوبر ; نوازگوھر
اسٹیٹ بینک نے پی ٹی وی کو پریذیڈنٹ ون ڈے کپ کے سیمی فائنل میں 71 رنز سے شکست دے دی۔
16 اکتوبر کو اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں ہونے والے فائنل میں اسٹیٹ بینک کا مقابلہ ایس این جی پی ایل سے ہوگا جس نے پہلے سیمی فائنل میں واپڈا کو 74 رنز سے ہرایا تھا۔
پیر کے روز جناح اسٹیڈیم گوجرانوالہ میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں اسٹیٹ بینک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر342 رنز بنائے۔
پی ٹی وی کی ٹیم جواب میں 271 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
اسٹیٹ بینک کے اوپنرز عمران بٹ اور محمد فیضان نے 90 رنز کا اضافہ کیا۔عمران بٹ 43 اور فیضان 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عرفان خان اور رمیز عزیز نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 111 رنز کا اضافہ کیا۔ رمیز عزیز نے57 رنز اسکور کیے۔
عرفان خان نے56 رنز کی اننگز کھیلی۔ سراج الدین نے دسویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے47 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
عماد بٹ ۔عاقب لیاقت اور محمد حسنین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
کپتان فخر زمان اور امام الحق نے پی ٹی وی کو 51 رنز کا اسٹارٹ دیا۔ فخرزمان چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 33 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ امام الحق اور صاحبزادہ فرحان نے دوسری وکٹ کے لیے 91 رنز کی شراکت قائم کی۔
امام الحق نے 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 63 رنز بنائے۔ صاحبزادہ فرحان نے سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 75 رنز اسکور کیے۔
فہیم اشرف نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 34 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے66 رنز اسکور کیے لیکن یہ تین نصف سنچریاں بھی پی ٹی وی کو کامیابی سے ہمکنار نہ کرپائیں۔
مختصر اسکور۔
اسٹیٹ بینک 342رنز 9 کھلاڑی آؤٹ ( 50 اوورز ) رمیز عزیز 57۔ عرفان خان 56۔ سراج الدین47 ناٹ آؤٹ ۔ عماد بٹ 51 / 2 وکٹ۔ عاقب لیاقت 61 / 2 وکٹ۔ محمد حسنین 65 / 2 وکٹ۔
پی ٹی وی 271 رنز ( 42.5 اوورز ) صاحبزادہ فرحان 75۔فہیم اشرف66 امام الحق 63 ۔ کاشف بھٹی 34/ 3 وکٹ۔ نیاز خان 34 / 3 وکٹ۔
نتیجہ ۔۔اسٹیٹ بینک نے 71 رنز سے جیتا۔