ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دیکر آسٹریلیا سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، آسٹریلیا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے، آسٹریلیا کی گریس ہیرس 40 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں تالیا میک گراتھ اور الیس پیری نے 32، 32 رنز بنائے۔
152 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بھارتی ویمن ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بناسکی، بھارتی کپتان ہرمن پریت کور 54 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں جبکہ دپیتی شرما 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔
گروپ اے میں آسٹریلیا اپنے چاروں میچز جیت کر 8 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ گیا، اس گروپ سے سیمی فائنل میں جانے والی دوسری ٹیم کا فیصلہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کل پیر کو ہونیوالے میچ سے ہوگا۔
بھارت چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، نیوزی لینڈ چار پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور پاکستان دو پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کو سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کیلئے نیوزی لینڈ کیخلاف اپنا آخری میچ لازمی جیتنا ہوگا تاہم اگر نیوزی لینڈ پاکستان کو شکست دیتا ہے تو وہ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرجائے گا۔
نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان کی جیت کی صورت میں بھارت، نیوزی لینڈ اور پاکستان تینوں کے پوائنٹس چار، چار ہوجائیں گے، جس کا رن ریٹ بہتر ہوگا وہ ٹیم سیمی فائنل میں کوالیفائی کرجائے گی۔