اسپورٹس فار لائف کے تحت انٹر کالجیٹ ٹیبل ٹینس چیمپیئن شپ
ایچ آئی عثمانیہ گرلز کالج کی شاندار فتح
اسپورٹس فار لائف کی کھیلوں کے فروغ میں خدمات، شاندار ایونٹ کا انعقاد
کراچی(سپورٹس لنک) اسپورٹس فار لائف کے زیر اہتمام انٹر کالجیٹ ٹیبل ٹینس چیمپیئن شپ میں ایچ آئی عثمانیہ گرلز کالج نے فائنل میں رونق اسلام گرلز کالج کو 0-3 سے شکست دے کر چیمپیئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
اس مقابلے کا انعقاد نہ صرف طالبات کی جسمانی صحت کو فروغ دینے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرنے کی غرض سے کیا گیا بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور حوصلہ افزائی کے لئے بھی اہم تھا۔
پروگرام کا افتتاح ڈی جی کالجز ڈاکٹر نوید رب صدیقی نے کیا، جنہوں نے اس موقع پر نوجوانوں کی کھیلوں میں شرکت کو سراہا اور اس طرح کے ایونٹس کے تسلسل کو تعلیم کے ساتھ ساتھ جسمانی سرگرمیوں کی ترقی کا ایک لازمی حصہ قرار دیا۔
فائنل میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا، جہاں ایچ آئی عثمانیہ گرلز کالج کی ٹیم نے اپنی مہارت اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیصلہ کن کامیابی حاصل کی۔
تماشائیوں اور شرکاء نے دونوں ٹیموں کی محنت اور عزم کو سراہتے ہوئے اسپورٹس فار لائف کے اقدامات کو مثالی قرار دیا۔
اس موقع پر اسپورٹس فار لائف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شہزاد قاضی نے بھی طلباء و طالبات کی شرکت پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ چیمپیئن شپ نوجوانوں کی فزیکل فٹنس اور سپورٹس کے شوق کو پروان چڑھانے میں ایک اہم قدم ہے۔
اس موقع پر رونق اسلام گرلز کالج کی پرنسپل رابعیہ منیر اور ایونٹ کے آفیشلز اقصیٰ شاہد، انعم خان اور تطہیر کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن کے ممبران، ذرقہ روبی، بشرا عمران، نادیہ اسماعیل، فرحین عادل، فاطمہ سہیل اور صاحبہ بلوچ نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔
ایچ آئی عثمانیہ گرلز کالج کی ٹیم کی کامیابی کے بعد اختتام پر ٹرافی اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے گئے۔ اسپورٹس فار لائف کی جانب سے اس پروگرام کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ کھیلوں کے فروغ میں ایک کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور تعلیمی اداروں کے طلباء کو صحت مند سرگرمیوں میں شامل کر رہا ہے۔
تقریب کے اختتام پر ونر اور رنر اپ ٹیموں کے کھلاڑیوں نے اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا، جبکہ پرنسپل رابعیہ منیر اور شہزاد قاضی نے اپنی تقاریر میں طلباء کو مزید ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔