وفاقی وزارتِ تعلیم گرلزسپورٹس کارنیوال آج سے شروع ہوگا۔
اسلام آباد((اصغرعلی مبارک))
وفاقی وزارتِ تعلیم گرلزسپورٹس کارنیوال آج صبح 10 بجے سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے۔ گُزشتہ روز طالبات سینئر اسپورٹس ٹیچرز کی زیر نگرانی فل ڈریس ریہرسل میں حصہ لیا اس موقع پر جلال حیدر خان اور دیگر بھی موجود تھے۔
وفاقی وزارتِ تعلیم کے زیراہتمام گرلزسپورٹس کارنیوال2024ء میں ملک بھر بشمول آزاد کشمیر وگلگت بلتستان 4000سے زائد طالبات 7مختلف کھیلوں میں حصہ لینے کیلئے اسلام آباد پہنچی ہیں۔ میگا ایونٹ20اکتوبر تک پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری رہے گا۔
ملک بھر سے بیڈمنٹن میں 42، ٹیبل ٹینس میں 36، اتھلیٹکس میں 27، والی بال میں 24، باسکٹ بال میں 20، فٹ بال میں 14اور ٹینس میں 10ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
وزارت تعلیم کے سنیئر جوائنٹ سیکرٹری وچیئرمین فیڈرل بورڈ سید جنید اخلاق نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اورفیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اسلام آباد کے اشتراک سے منعقد ہونے والے گرلز سپورٹس کارنیوال سے پاکستان کا حقیقی ٹیلنٹ سامنے لانے میں مدد ملے گی اور قوم کی بیٹیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ملے گا۔
انہوں نے بتایا کہ میگا ایونٹ میں پہلی بار خواتین ٹیکنیکل آفیشلز کے باعث بچیوں کو مقابلے کیلئے زیادہ اچھا ماحول میسر ہوگا ،
جس کیلئے یوتھ ایجوکیشن اینڈ سپورٹس ویلفیئر سوسائٹی میگا ایونٹ کیلئے ٹیکنیکل سپورٹ فراہم کررہی ہے۔ ایونٹ کی افتتاحی تقریب آج 18اکتوبر کو ہوگی۔