آئی سی سی ’ہال آف فیم‘ میں تین نئے سابق کرکٹرز شامل
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انگلینڈ، انڈیا اور جنوبی افریقہ کے 3 سابق کرکٹرز کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کرلیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے بدھ کو اعلان کیا گیا کہ انگلینڈ کے الیسٹر کک، بھارتی ویمن ٹیم کی سابق کھلاڑی نیتو ڈیوڈ اور جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز کو کرکٹ کے میدان میں غیرمعمولی خدمات کے اعتراف میں ’آئی سی سی ہال آف فیم‘ میں شامل کیا گیا ہے اور تینوں کو بالترتیب 113، 114 اور 115 نمبر دیا گیا ہے۔
الیسٹر کک ; الیسٹر کک انٹرنیشنل کرکٹ میں 250 سے زائد میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ الیسٹر کک کا ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے بہترین اوپنرز میں شمار ہوتا ہے،
انہوں نے انگلینڈ کے لیے 161 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 45.35 کی اوسط سے 12472 رنز بنائے، وہ سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے 92 ون ڈے میچوں میں 36.40 کی اوسط سے 3204 اور 4 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں 15.25 کی اوسط سے 61 رنز بنائے ہیں۔
الیسٹر کک کو کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لیے ہوئے 6 سال ہوچکے ہیں لیکن وہ آج بھی دنیائے کرکٹ میں سب سے زیادہ اسکور کرنے والے پہلے 6 کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
نیتو ڈیوڈ ; ڈیانا ایڈولجی کے بعد نیتو ڈیوڈ بھارت کی دوسری خاتون کرکٹر ہیں جنہیں ہال آف فیم میں شامل کیا گیا ہے۔ نیتو ڈیوڈ نے فروری 1995 میں بھارت کے لیے ڈیبیو کیا
اور ڈیانا ایڈولجی کی ریٹائرمنٹ کے بعد انھوں نے انڈیا کے معروف بائیں ہاتھ کے اسپنر کی ذمہ داری سنبھالی۔ وہ ون ڈے فارمیٹ میں 100 وکٹیں لینے والی اپنے ملک کی پہلی اور انڈیا کے لیے ون ڈے میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی ویمن کرکٹرز میں ان کا دوسرا نمبر ہے۔
انہوں نے 1995 میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں 53 رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کیں، جو خواتین کی ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی 8 وکٹیں لینے کا ریکارڈ تھا جو اب بھی ایک عالمی ریکارڈ ہے۔
اے بی ڈی ویلیئرز ; اے بی ڈی ویلیئرز نے 2004 میں جنوبی افریقہ کے لیے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا۔ اپنے 14 سالہ کرکٹ کیریئر میں انہوں نے 20 ہزار سے زائد رنز اسکور کیے
اور دنیائے کرکٹ کے ایک بہترین فیلڈر کے طور پر بھی شہرت حاصل کی۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے لیے 114 ٹیسٹ کھیلے اور 222 کیچز اور 5 اسٹمپ آؤٹ کے ساتھ 50.66 کی اوسط سے 8765 رنز بنائے۔
اس کے علاوہ انہوں نے ملک کے لیے 228 ون ڈے کھیلے اور 53.50 کی اوسط سے 9577 رنز بنائے اور 176 کیچ اور 5 اسٹمپ آؤٹ کیے۔ انہوں نے 78 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں 26.12 کی اوسط سے 1672 رن بنائے، 65 کیچ اور 7 اسٹمپ آؤٹ کیے۔
اے بی ڈی ویلیئرز ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین سینچری بنانے کا اعزاز اور متعدد بار آئی سی سی پلیئر آف دی ایئر کے ایوارڈز حاصل کرچکے ہیں۔