انگلینڈ کیخلاف 11وکٹیں لینے والے لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی کون ہیں؟
سندھ کے علاقے سانگھڑ سے تعلق رکھنے والے 38سالہ لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی نے ملتان میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں مجموعی طور پر 11وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 3 جبکہ دوسری اننگز میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔
38سالہ نعمان علی کا تعلق سندھ کے علاقے سانگھڑ سے ہے، باقی نوعمر کھلاڑیوں کی طرح انہوں نے بھی کرکٹ کا آغاز ٹیپ بال کرکٹ سے کیا۔ 13سال کی عمر میں ان کے والد کی ملازمت کے سلسلے میں فیملی حیدرآباد منتقل ہوگئی جہاں انہوں نے فضل الرحمٰن کرکٹ کلب کو جوائن کیا۔
کلب کرکٹ سے شروع ہونے والا سلسلہ پھر کہیں نا رکا اور پھر مختلف ٹیموں کی طرف سے کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا، فرسٹ کلاس کرکٹ میں حیدر آباد کی طرف سے کھیلنا شروع کیا اور پھر کارکردگی کے باعث پی ایس ایل اور قومی ٹیم تک پہنچ گئے۔
نعمان علی پی ایس ایل میں ملتان سلطان کی نمائندگی کرچکے ہیں، انہوں نے 26جنوری 2021 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کیا۔ نعمان علی 16ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں اور اب تک 58وکٹیں حاصل کی ہیں۔
نعمان علی کو کرکٹ کا شوق اپنے ماموں رضوان احمد کو دیکھ کر ہوا جنہوں نے ایک ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ نعمان علی ٹیپ بال میں تیز بولنگ کیا کرتے تھے لیکن ماموں کے کہنے پر اسپن بولنگ شروع کی۔
نعمان علی فرسٹ کلاس کرکٹ میں حیدر آباد کے آرایل اور ناردن کی ٹیموں کی نمائندگی کرچکے ہیں جبکہ یو بی ایل کی طرف سے گریڈ ٹو کرکٹ کھیلے ہیں۔
نعمان علی نے اس کے علاوہ 24جولائی 2023 میں کولمبو میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں سری لنکا کے خلاف 7وکٹیں حاصل کی تھیں، اس کے علاوہ زمبابوے کے خلاف بھی ایک اننگز میں 5وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ تاہم، انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے ڈیبومیچ 7وکٹیں حاصل کی تھیں۔