اے سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ایمرجنگ ایشیا کپ : پاکستان شاہینز نے اومان کو 74 رنز سے ہرادیا۔
قاسم اکرم 48 روحیل نذیر 41 رنز ناٹ آؤٹ اور عرفات منہاس 31رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں
اومان 22 اکتوبر۔ اے سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں پاکستان شاہینز نے اومان کو 74 رنز سے شکست دیدی۔
اومان کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں گروپ بی کے میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔
اومان کی ٹیم20 اوورز میں 7 وکٹوں پر111 رنز بناسکی۔
پاکستان شاہینز کی اننگز کے چوتھے ہی اوور میں مظاہر رضا نے کپتان محمد حارث ( 3 ) اور یاسرخان ( 3 ) کی وکٹیں حاصل کرڈالیں جس کے بعد قاسم اکرم اور عمیر بن یوسف اسکور کو 13 سے85 تک لے گئے۔
عمیربن یوسف 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔قاسم اکرم نے2 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 48 رنز اسکور کیے۔عبدالصمد نے20 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
پاکستان شاہینز کی پانچویں وکٹ پندرہویں اوور میں گری تو اسکور 116 رنز تھا ۔ اس موقع پر روحیل نذیر اور عرفات منہاس نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 185 تک پہنچادیا۔ ان دونوں نے چھٹی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 69 رنز کا اضافہ کیا۔
روحیل نذیرنے 20 گیندوں پر3 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے41 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی۔
عرفات منہاس نے صرف 15گیندوں پر 31 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے ان کی اننگز میں 2 چھکے اور2 چوکے شامل تھے جو انہوں نے مظاہر رضا کے اننگز کے آخری اوور میں لگائے۔
اومان کے بیٹرز کسی بھی موقع پر پاکستانی بولنگ کے لیے خطرہ نہ بن سکے۔ وسیم علی 28 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ کپتان جتیندر سنگھ نے 24 رنز بنائے۔
زمان خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔شاہنواز دھانی۔ سفیان مقیم ۔ قاسم اکرم عرفات منہاس اور محمد عمران ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
پاکستان شاہینز اپنا تیسرا اور آخری گروپ میچ 23 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گی۔
مختصر اسکور ۔
پاکستان شاہینز 185 رنز 5کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) قاسم اکرم 48۔ روحیل نذیر 41 ناٹ آؤٹ ۔ عرفات منہاس31 ناٹ آؤٹ۔ مظاہر رضا 29 / 2 وکٹ۔
اومان 185رنز 5 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) وسیم علی 28۔جتیندر سنگھ 24۔زمان خان 17 / 2 وکٹ۔
نتیجہ ۔ پاکستان شاہینز نے 74 رنز سے جیتا۔