ایمرجنگ ایشیا کپ: سری لنکا اے کی بنگلہ دیش اے کو 19 رنز سے شکست
اومان: (ویب ڈیسک) اے سی سی مینز ٹی 20 ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے میچ میں سری لنکا اے نے بنگلہ دیش اے کو دلچسپ مقابلے کے بعد 19 رنز سے شکست دے دی۔
سری لنکا کے 162 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنا سکی، دوشان ہیمانتھا کو بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
الامارت کرکٹ گراؤنڈ اومان میں کھیلے گئے ایمرجنگ ایشیا کپ کے 10 ویں میچ میں سری لنکا اے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنائے۔
پون رتھنائیکے نے 26 بالوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی، سہان اراچیگے 30، لہیرو اڈارا 35 اور یشودھا لنکا 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بنگلہ دیشی باؤلرز ریجا الرحمان راجہ اور رپون مونڈل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محفوظ الرحمان اور سیف حسین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 142 رنز بنا سکی، ابو حیدر نے 38 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی جبکہ سیف حسن 29 اور پرویز حسین ایمون 24 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔
سری لنکن باؤلر دوشان ہیمانتھا نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نمیش ویموکتھی رمیش مینڈس، ایشان ملینگا اور نیپون نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا،
سری لنکا کی ایونٹ میں یہ دوسری کامیابی ہے جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم اب تک کھیلے گئے تین میچوں میں سے ایک میں کامیابی حاصل کرپائی ہے۔