پاکستان شاہینز اے سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ایمرجنگ ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں۔
اے سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ایمرجنگ ایشیا کپ میں پاکستان شاہینز نے متحدہ عرب امارات کو114 رنز سے ہرادیا۔
پاکستان شاہینز سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔
پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹوں پر 179 رنز بنائے۔
محمد حارث 71 ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں۔
متحدہ عرب امارات کی ٹیم 65 رنز پر آؤٹ۔
شاہنواز دھانی کی پانچ وکٹیں۔
اومان 23 اکتوبر۔ (سپورٹس لنک رپورٹ)
اے سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں پاکستان شاہینز نے متحدہ عرب امارات کو 114 سے شکست دیدی اس کے ساتھ ہی اس نے سیمی فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا۔
اس میچ کی خاص بات کپتان محمد حارث کے71 ناٹ آؤٹ اور شاہنواز دھانی کی پانچ وکٹیں تھیں۔
بدھ کے روز کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ20 اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔ متحدہ عرب امارات کی ٹیم جواب میں صرف 65 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان شاہینز کی پہلی وکٹ 21 کے اسکور پر گری جو تمام کے تمام عمیر بن یوسف نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے بنائے تھےان کے رن آؤٹ ہونے کے بعد یاسر خان نے بھی جارحانہ انداز اختیار کیا لیکن وہ بھی25 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس میں2 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔
کپتان محمد حارث نے ون ڈاؤن پوزیشن پر بیٹنگ کرتے ہوئے71 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے 49 گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں 3چھکے اور 6چوکے شامل تھے۔
حیدر علی نے آؤٹ ہوئے بغیر32 رنز اسکور کیے جس میں 3چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔ان دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 67 رنز کا اضافہ کیا۔
متحدہ عرب امارات کی بیٹنگ شاہنواز دھانی کی بولنگ پر بے بس نظر آئی جنہوں نے صرف12 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں وہ اس شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
سفیان مقیم نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔محمد حارث نے وکٹ کیپنگ میں بھی اپنی موجودگی کا بھرپور احساس دلاتے ہوئے ایک اسٹمپڈ اور تین کیچز کیے۔
مختصر اسکور۔
پاکستان شاہینز 179 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) محمد حارث 71ناٹ آؤٹ ۔ حیدر علی 32 ناٹ آؤٹ ۔
متحدہ عرب امارات 65 رنز ( 16.3اوورز )۔راہول چوپڑا 20 ۔شاہنوازدھانی 12/ 5 وکٹ۔
نتیجہ ۔ پاکستان شاہینز نے 114 رنز سے جیتا۔