آئی سی سی کی ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کے فروغ کیلئے بڑی تجاویز
دبئی: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کے فروغ کے لیے بڑی تجاویز پیش کردیں۔ دبئی میں آئی سی سی بورڈ میٹنگز میں آئی سی سی کرکٹ کمیٹی نے نئی سفارشات کیں جس کے مطابق ڈبلیو ٹی سی کے اگلے سائیکل میں ٹیسٹ سیریز 2 کی بجائے 3 میچز پر مشتمل ہونی چاہیے۔
آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ سمیت کچھ ممالک صرف 2 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلتے ہیں، آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت زیادہ میچز کی سیریز کھیلتے ہیں، اس طرح ٹیسٹ کرکٹ کے فروغ میں مدد نہیں ملتی جبکہ پوائنٹس کی تقسیم بھی غیرمنصفانہ ہوجاتی ہے۔
کمیٹی نے مؤقف اختیار کیا کہ اگلے سائیکل میں میزبان ممالک کو شیڈول بناتے وقت زیادہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچز رکھنے چاہئیں، بھارت میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کے ٹکٹ عام ٹیسٹ کی نسبت زیادہ فروخت ہوئے۔
اس کے علاوہ آئی سی سی کرکٹ کمیٹی نے ون ڈے کرکٹ کے پہلے 25 اوورز میں 2 گیندیں استعمال کرنے کی سفارش کی ہے۔
کمیٹی نے کہا کہ ون ڈے میچ میں 25 اوور ز کے بعد ایک ہی گیند استعمال کی جائے، بیٹرز اور باؤلرز میں توازن برقراررکھنے کے لیے ایک یہ سفارش دی گئی، اب آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کی سفارشات کپتانوں کو بھیجی جائیں گی۔