راولپنڈی; پاکستان, انگلینڈ کاتیسرا ٹیسٹ میچ آج کھیلا جائے گا
…(اصغر علی مبارک)..
پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا ہے اور ملتان میں میچ جیتنے والی فائنل الیون کو برقرار رکھا گیا ہے۔ سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ آج کھیلا جائے گا
سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ کے خلاف دوسرا میچ جیتنے والی ٹیم کو برقرار رکھا ہے اور ٹیم میں کسی قسم کی تبدیلی نہ کرتے ہوئے انگلینڈ کی طرح تین اسپنرز کو برقرار رکھا ہے۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ٹیسٹ میچ میں ٹیم کے تیسرے اسپنر زاہد محمود نے صرف 6 اوورز کیے تھے۔
یاد رہے کہ انگلینڈ نے بھی میچ کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں تین اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
شان مسعود(کپتان)، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کامران غلام ، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود۔
واضح رہے کہ سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے انگلینڈ نے اپنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ انگلینڈ نے گزشتہ میچ میں شکست کھانے والی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں جہاں فاسٹ باؤلر بریڈن کارس اور میتھیو پوٹس کی جگہ گس ایٹکنسن اور اسپنر ریحان احمد کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔
انگلینڈ کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی۔
بین اسٹوکس (کپتان) زیک کرالی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، جیمی اسمتھ، گس ایٹکنسن، ریحان احمد، جیک لیچ اور شعیب بشیر۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔