کے ٹو گیمر دی پیس کالج ای سپورٹس چیمپئن شپ یکم نومبر سے منعقد ہوگی۔
خیبرپختونخوا کے نوجوان گیمرز اس میگاایونٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے،جمال قریشی
پشاور ( سپورٹس لنک) کےٹو گیمر پاکستان ان کارپوریشن اور کےٹو گیمر پاکستان کے تعاون سے دی پیس کالج ای سپورٹس چیمپئن شپ یکم نومبر سے شرو ع ہو رہی ہے، جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیمیں سینٹر اسٹیج کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
دی پیس سکول اینڈ کالج کے سالانہ کھیلوں کے میلے میں، جس کا آغاز یکم نومبر کو ہو رہا ہے، ای سپورٹس کے مقابلے بھی شامل کیے گئے ہیں۔ اس ایونٹ سے طلبہ کی صلاحیتوں میں نکھار آئے گا اور تعلیمی سطح پر ای سپورٹس کو فروغ دینے میں اہم قدم ثابت ہوگا۔
اس حوالے سے کےٹو گیمر پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد جمال قریشی کا کہنا تھا کہ اس میگا ایونٹ میں خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں موجود دی پیس سکول اینڈ کالج سسٹم کے آٹھ کیمپس کے طلبہ شرکت کریں گے۔
محمد جمال قریشی نے مزید کہا کہ یہ چیمپئن شپ ایک منفرد پلیٹ فارم ہے جہاں ای سپورٹس کے شوقین نوجوان اپنی گیمنگ مہارتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
اس چیمپئن شپ میں تین مشہور ایونٹس، بشمول پب جی بیٹل رائل، فری فائر اور ٹیکن، شامل ہیں۔ دس کھلاڑیوں کی ہر ٹیم مخصوص گیمز میں تقسیم ہوگی، جن میں چار کھلاڑی پب جی بیٹل رائل، چار کھلاڑی فری فائر، اور دو کھلاڑی ٹیکن ٹیم کا حصہ بنیں گے۔
دی پیس سکول اور کالج کے ان طلبہ کے لیے گیمر پاکستان ان کارپوریشن اور کےٹو گیمر پاکستان نے بہترین انتظامات کیے ہیں۔ محمد جمال قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ای سپورٹس کا مستقبل روشن ہے
اور اس چیمپئن شپ کے ذریعے تعلیمی اداروں میں ای سپورٹس کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ دی پیس سکول اور کالج کے نوجوان اپنی مہارتوں کا بھرپور مظاہرہ کریں گے اور اپنے ادارے کا نام روشن کریں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ای سپورٹس صرف تفریح نہیں بلکہ اس کے ذریعے نظم و ضبط، حکمت عملی، اور ذہنی صلاحیتوں کو بھی فروغ ملتا ہے، جو طلبہ کے لیے زندگی کے مختلف شعبوں میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔
خیبرپختونخوا سے سامنے آنے والے اس شاندار ٹیلنٹ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ نوجوان نسل کو متاثر کرے گا اور انہیں ایک منفرد پلیٹ فارم فراہم کرے گا، جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں گے۔