ٹچ می ٹرافی انڈر-15 انٹر زونل کرکٹ ٹورنامنٹ میں دو میچوں کے فیصلے ہوگئے

ٹچ می ٹرافی انڈر-15 انٹر زونل کرکٹ ٹورنامنٹ میں دو میچوں کے فیصلے ہوگئے ۔

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی اور میڈی کیم گروپ آف کمپنیز کے تعاون سے منعقد کردہ ٹچ می ٹرافی انڈر-15 انٹر زونل کرکٹ ٹورنامنٹ میں گزشتہ روز 2 میچز کا فیصلہ ہو گیا۔

پہلے میچ میں زون ایک وائٹس نے زون دو بلوز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ زون دو بلوز پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سید آیان رضوی نے 11 رنز بنائے۔ رائٹ آرم لیگ اسپنر محمد اعظم عباسی نے 6 رنز دیکر 4 جبکہ کبیب محمد 1 رنز اور عریب دانش نے 10 رنز دیکر 2-2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں زون ایک وائٹس نے 1 و کٹ کے نقصان پر مطلوبہ 60 رنز بنا لئے۔ زون ایک وائٹس کے محمد اعظم عباسی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دوسرے میچ میں زون سات بلوز نے زون تین وائٹس کو 77 رنز سے ہرا دیا۔

زون سات بلوز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 160 رنز بنائے۔ عبداللہ نسیم نے 4 چوکوں کی مدد 48 اور حفیظ نے 39 رنز بنائے۔ رائٹ آرم لیگ اسپنر حمزہ سلمان نے جارحانہ باؤلنگ کرتے ہوئے 34 رنز دیکر 5، ابیر جاوید نے 28 رنز دیکر 3 جبکہ سلمان علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں زون تین وائٹس کی ٹیم 83 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔سلمان علی نے 22 رنز بنائے۔حفیظ اور حسین عباس نے جارحانہ باؤلنگ کرتے ہوئے 3 اور 25 رنز دیکر 4-4 اور ایس ایم جرار نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ کے اختتام پر زون سات بلوز کے حفیظ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

تعارف: News Editor