ہانگ کانگ ورلڈ سپر سکسز ؛ پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو دھول چٹا دی

ہانگ کانگ ورلڈ سپر سکسز ٹورنامنٹ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو دھول چٹا دی۔

مونگ کوک میں کھیلے گئے ہانگ کانگ سپر سکسز کے گروپ مقابلے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بھارت نے مقررہ 6 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز بنائے۔

قومی ٹیم نے 120 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے صرف 5 اوورز میں ہی حاصل کر لیا، جارح مزاج بیٹر آصف علی نے 14 گیندوں پر 55 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی اور ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد اخلاق نے 40 اور کپتان فہیم اشرف نے 5 گیندوں پر 22 رنز بنا کر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کروایا، بھارت کا کوئی بھی باؤلر پاکستان کی ایک وکٹ بھی حاصل نہ کر سکا۔

قبل ازیں بھارت کی جانب سے کپتان روبن اتھاپا 31، کیدار جادھو 8 رنز بنا سکے، بھرت چپلی 53 رنز کی اننگز کھیل کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے جبکہ منوج تیواری 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، پاکستان کی جانب سے کپتان فہیم اشرف نے 2 وکٹیں حاصل کیں

سپر سکسز ٹورنمانٹ 2024 میں پاکستان، انڈیا، جنوبی افریقہ، ہانگ کانگ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، یو اے ای، انگلینڈ، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال اور اومان حصہ لے رہے ہیں۔

پاکستان کے سکواڈ میں کپتان فہیم اشرف، محمد اخلاق، آصف علی، دانش عزیز، حسین طلعت، عامر یامین اور شہاب خان شامل ہیں۔

تعارف: News Editor