انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ فائنل: کانکررز کا مقابلہ کل اسٹرائیکرز سے ہوگا

انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ فائنل: ناقابل شکست کانکررز کا مقابلہ کل اسٹرائیکرز سے ہوگا۔

فاتح ٹیم پانچ لاکھ روپے کی انعامی رقم کی حقدار ہوگی۔ رنرز اپ کو تین لاکھ روپے ملیں گے۔

لاہور 2 نومبر۔ کومل خان کی قیادت میں کانکررز اتوار کو انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے فائنل میں زوفشان ایاز کی اسٹرائیکرز سے مقابلہ کرے گی۔

ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں میچ کا آغاز صبح گیارہ بجے ہوگا۔ ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو پانچ لاکھ روپے کی انعامی رقم ملے گی جبکہ رنرز اپ ٹیم کو تین لاکھ روپے ملیں گے۔

پانچ ٹیموں کے اس ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کانکررز نے ناقابل شکست رہنے کے بعد ٹاپ پوزیشن حاصل کی جبکہ اسٹرائیکرز نے آٹھ میچوں میں سے چار میں کامیابی حاصل کی۔ وہ نیٹ رن ریٹ پر چیلنجرز کو پیچھے چھوڑ کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر رہی اور فائنل میں جگہ بنائی۔

انونسیبلز تین جیت کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہی جبکہ ایک جیت کے ساتھ ا سٹارز سب سے آخری نمبر پر رہی۔

کانکررز ٹیم کی کپتان اور دائیں ہاتھ کی بیٹر کومل خان آٹھ میچوں میں 125.31 کے اسٹرائیک ریٹ سے 203 رنز بنا کر پہلے نمبر پر ہیں، جس میں ان کا بہترین اسکور 97 رنز ہے۔ کانکررز ٹیم کو سمیعہ افسر اور راویل فرحان کی خدمات بھی حاصل ہوں گی جو بیٹنگ میں بالترتیب 173 اور 130 رنز بنا کر بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

بولنگ چارٹ میں کانکررز کی فاسٹ بولر مناہل جاوید نے 3.43 کے اکانومی ریٹ سے 12 وکٹیں حاصل کی ہیں اور وہ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں۔

ٹورنامنٹ کے لیگ مرحلے میں کانکررز نے اسٹرائیکرز کو دونوں میچوں میں 60 رنز اور 33 رنز سے شکست دی ہے۔

اسٹرائیکرز کی طیبہ امداد اس وقت آٹھ میچوں میں 13 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں اور ان کا اکانومی ریٹ 3.90 ہے اور ان کی بہترین بولنگ گیارہ رنز دے کر چار وکٹیں اسٹارز کے خلاف رہی ہے۔

تعارف: News Editor