قومی وائٹ بال ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف اپنا بہترین کھیل پیش کریں گے۔
میلبرن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ کپتان کھلاڑیوں سے ان کی صلاحیتوں کے مطابق کام لیتا ہے، کھلاڑیوں سے پریشرہٹانے کے لئے ان کے ساتھ بات کرنے کی کوشش کرتا ہوں، پاکستان کو کس طرح سے جتوا سکتے ہیں اس پر فوکس کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ اہم نہیں کہ میں کہاں ہوں اور کیا ہوں، اہم صرف پاکستان ہے، میں دنیا کو فالو کیوں کروں، مجھے صرف دیکھنا یہ ہے کونسا کھلاڑی پاکستان کے لئے کہاں پرفارم کر سکتا ہے، نوجوان کرکٹرز کے ہونے سے چمپئنز ٹرافی کے لئے ہمیں آسانی ہوگی۔
قومی کپتان کا مزید کہنا تھا کہ تین چار سالوں سے بابراعظم اور شاہین شاہ کی پرفارمنس نے انہیں سپر سٹار بنایا، نسیم شاہ اپنی انجری کی وجہ سے اتنا پرفارم نہیں کرسکا،
بابر، شاہین اور نسیم کو پتا ہے برے وقت سے کسے نکلنا ہے، یہ وقت کسی پر بھی آسکتا ہے، ان کی خراب پرفارمنس اب ماضی بن گیا ہے ہمیں آگے کا دیکھنا ہے۔