تاریخ میں پہلی بار خیبرپختونخوا میں "ہارس اینڈ کیٹل شو” کا انعقاد

تاریخ میں پہلی بار خیبرپختونخوا میں ہارس اینڈ کیٹل شو: ثقافتی کھیلوں اور فیملیز کے لیے تفریح کا اہتمام

پشاور: غنی الرحمن 

تاریخ میں پہلی مرتبہ خیبرپختونخوا میں ڈائریکٹریٹ جنرل آف اسپورٹس کے زیراہتمام 8 نومبر سے تین روزہ "ہارس اینڈ کیٹل شو” کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ میلہ شیرخان سیٹیڈیم، پشاور میں ہوگا،

جس میں ثقافتی کھیلوں کے علاوہ فیملیز کے لیے میوزیکل شو، اردو، پشتو اور سرائیکی مشاعرہ، اور دیگر تفریحی پروگرامز بھی شامل ہیں۔ صوبے میں روایتی کھیلوں کے فروغ کے لیے منعقد کیے جانے والے اس میلے کا باضابطہ افتتاح وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کریں گے۔

ڈی جی اسپورٹس عبدالناصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہاں کی خصوصی ہدایت پر یہ شو ترتیب دیا گیا ہے، جس میں صوبے کے مختلف اضلاع کے روایتی کھیلوں جیسے نیزہ بازی، مخہ، کڑکا، دوداس، کبڈی،

دنگل، گتکا، اور پتھر اٹھانے کے مقابلے شامل ہوں گے۔ صوابی کے مشہور رہٹ ریس، اونٹ ڈانس، ریس، شکاری کتوں کی دوڑ، اور ہارس ریس بھی اس کا حصہ ہوں گی۔

فیملیز کے لیے میوزیکل شوز کے ساتھ اردو، پشتو، اور سرائیکی زبانوں میں مشاعرہ کا اہتمام بھی کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ دودھ دینے والے جانوروں اور ہارس ڈانس کے مقابلے بھی کروائے جائیں گے۔

ثقافتی کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لیے ایک کروڑ روپے کے کیش انعامات بھی مختص کیے گئے ہیں۔ عبدالناصر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کا کلچر بہت وسیع ہے،

اور ہم اس میلے کو ایک چیلنج سمجھتے ہیں۔ اس شو کے ذریعے صوبے کے روایتی کھیلوں کو زندہ رکھنے اور ان کی نئی نسل میں آگاہی فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

تعارف: News Editor