انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ماہ اکتوبر کے لیے دنیائے کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق، اکتوبر میں مرد کھلاڑیوں کی کیٹیگری میں جن کھلاڑیوں کو نامزد کیا گیا ہے ان میں پاکستانی اسپنر نعمان علی سرفہرست ہیں۔ نعمان علی نے انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور آخری 2 ٹیسٹ میچز میں 20 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
آئی سی سی کی مینز کیٹیگری میں نعمان علی کے علاوہ جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر کاگیسو ربادا اور نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر شامل ہیں۔ کاگیسو ربادا نے اکتوبر میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اپنے کیریئر کی 300 وکٹیں مکمل کی تھیں اور پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 5 اور دوسری اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر نے بھارت کے خلاف دوسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں پہلی اننگز میں 53 رنز کے عوض 7 اور دوسری اننگز میں 104 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کو بھارت کے سیریز میں فتح سے ہمکنار کیا تھا۔
آئی سی سی کی جانب سے خواتین کھلاڑیوں کی کیٹیگری میں ویسٹ انڈیز کی آل راؤنڈر ڈی اینڈرا ڈوٹن سرفہرست ہیں جنہوں نے ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کو پہلی مرتبہ سیمی فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
آئی سی سی کی جانب سے دیگر 2 نامزد کردہ خواتین کھلاڑیوں میں نیوزی لینڈ کی امیلیا کیر اور جنوبی افریقہ کی لارا وولوارٹ ہیں۔ امیلیا کو ٹی20 ورلڈ کپ میں 135 رنز بنانے اور 15 وکٹیں لینے پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔ جنوبی افریقہ کے خلاف فائنل میچ میں انہوں نے 38 گیندوں پر 43 رنز بنائے تھے اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا تھا۔
جنوبی افریقہ کی لارا وولوارٹ نے ویمن ٹی20 ورلڈ کپ میں 44.60 کی اوسط سے 223 رنز بنائے تھے۔ یہ بطور کپتان ان کا پہلا آئی سی سی ٹورنامنٹ تھا جس میں انہوں نے آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ جیسی بڑی ٹیموں کے خلاف متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔