پی ایس بی کا اولمپک ایسوسی ایشن کے انتخابی عمل پر شدید تحفظات کا اظہار

 

پی ایس بی کا اولمپک ایسوسی ایشن کے انتخابی عمل پر شدید تحفظات کا اظہار

پاکستان سپورٹس بورڈ کے پاکستان اولمپیکس ایسوسی ایشین کے آئندہ انتخابات کی شفافیت اور قانونی حیثیت پر شدید تحفظات، 5 نکات پر فوری اقدامات کا مطالبہ

اسلام آباد۔6نومبر ۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ(پی ایس بی) نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) کے آئندہ انتخابات کی شفافیت اور قانونی حیثیت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

پی ایس بی نے ایسوسی ایشن کو ایک خط میں پانچ اہم نکات اجاگر کیے ہیں جن پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ پی ایس بی کی جانب سے پاکستان اولمپیکس ایسوسی ایشن کے صدر سید محمد عابد قادری گیلانی کو لکھے گئے

خط میں سب سے پہلے آئینی ترامیم کی شفافیت پر سوال اٹھایا ہے۔ پی ایس بی کا کہنا ہے کہ پاکستان اولمپیکس ایسو سی ایشن کی ویب سائٹ پر موجود آئین 2019 کا ہے جبکہ انتخابی قواعد میں ایسی ترامیم کا ذکر ہے جن کا کوئی ریکارڈ یا واضح وضاحت موجود نہیں۔

پی ایس بی نے مطالبہ کیا ہے کہ نئی یا ترمیم شدہ دستاویز کو فوری طور پر شائع کیا جائے۔ایک اور اہم نکتہ جنرل کونسل میٹنگز کی کارروائی کی غیر موجودگی ہے۔

پی ایس بی نے دسمبر 2023 اور جولائی 2024 کی جنرل کونسل میٹنگز کی کارروائی ویب سائٹ پر نہ ہونے پر تشویش ظاہر کی ہے اور ان میٹنگز کی کارروائی کو فوری شائع کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ترامیم کی قانونی حیثیت واضح ہو سکے۔

پی ایس بی نے انتخابی عمل کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے الیکٹورل کالج کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ ان تفصیلات کی عدم دستیابی سے انتخابی عمل پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

پی ایس بی نے پاکستان اولمپیکس ایسو سی ایشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ الیکٹورل کالج کی مکمل اور درست تفصیلات فراہم کرے۔پاکستان اسپورٹس بورڈ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ پاکستان اولمپیکس ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل کی جانب سے 6 جولائی 2024 کو منظور کیے گئے

انتخابی قواعد کی بین الاقوامی اولمپک کمیٹی ( آئی او سی ) سے منظوری کی تصدیق ضروری ہے۔ پی ایس بی نے ان قواعد کو ویب سائٹ پر شائع کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

پی ایس بی نے خط کے آخر میں سائکلنگ فیڈریشن کی غیر شمولیت پر بھی تشویش ظاہر کی ہے، جو کہ اولمپک گیمز کا حصہ ہے۔ پی ایس بی نے کہا ہے کہ پاکستان اولمپیکس ایسو سی ایشن کی ویب سائٹ پر نیشنل اسپورٹس فیڈریشنز کی فہرست میں سائکلنگ کو شامل نہیں کیا گیا

جو کہ ایک کمی ہے۔ پی ایس بی نے پاکستان اولمپیکس ایسوسی ایشن سے مطالبہ کیا ہے کہ سائکلنگ فیڈریشن کو اس فہرست میں شامل کیا جائے۔ پی ایس بی نے پاکستان اولمپیکس ایسوسی ایشن کو ان تمام نکات پر تین دن کے اندر کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے اور خبردار کیا ہے

کہ بروقت اقدامات نہ اٹھانے کی صورت میں انتخابی عمل کی شفافیت اور پاکستان اولمپیکس ایسوسی ایشن کی قانونی حیثیت پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

پاکستان اولمپیکس ایسوسی ایشن کے صدر سید عابد قادری گیلانی نے صحافیوں کے استفسار پر پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے لکھے گئے خط کی وصولی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے اس معاملے پر پاکستان اولمپیکس ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے

اس اجلاس میں اس خط کے نکات پرجواب دیا جائے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن کے تمام امور آئین کے مطابق ہیں ۔

تعارف: News Editor