قائداعظم ٹرافی : ایبٹ آباد ، راولپنڈی ، لاہور وائٹس ، پشاور اور بہاولپور کی کامیابی

قائداعظم ٹرافی : ایبٹ آباد۔ راولپنڈی۔ لاہور وائٹس ۔ پشاور اور بہاولپور کی کامیابی۔

عبداللہ فضل کی سنچری۔

احمد بشیر۔ ساجد خان اور وسیم اکرم کی میچ میں 9 ، 9 وکٹیں۔

لاہور 9 نومبر۔ نوازگوھر

قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ میں راولپنڈی نے کراچی وائٹس کو 9 وکٹوں سے ہرادیا۔ ایبٹ آباد نے لاڑکانہ کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔

لاہور وائٹس نے اسلام آباد کے خلاف 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ پشاور نے آزادجموں کشمیر کے خلاف میچ 9 وکٹوں سے جیتا۔

بہاولپور نے ملتان کے خلاف 78 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں راولپنڈی نے کراچی وائٹس کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔
راولپنڈی کو جیتنے کے لیے صرف22 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اس سے قبل کراچی وائٹس کی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 74 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اویس انور نے 23 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔

نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں ایبٹ آباد نے لاڑکانہ کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔ایبٹ آباد کو جیتنے کے لیے19 رنز بنانے تھے جو اس نے بغیر کسی نقصان کے بنالیے۔ اس سے قبل لاڑکانہ کی ٹیم دوسری اننگز میں186 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ محمد نواز نے 65 رنز بنائے۔عاقب خان نے39 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔

اشفاق گراؤنڈ چارسدہ میں پشاور کو آزاد جموں کشمیر کے خلاف میچ جیتنے کے لیے 130 رنز کا ہدف ملا جو اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔وقار احمد نے 57 رنز کی اننگز کھیلی۔ معاذ صداقت 58 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل آزاد جموں کشمیر کی ٹیم پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی 171 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔حسن رضانے67 رنز اسکور کیے۔ ساجد خان اور عامر خان نے بالترتیب 33 اور 38 رنز دے کر چار چار وکٹیں حاصل کیں۔ساجدخان نے میچ میں9 وکٹیں حاصل کیں۔

مرغزار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں لاہور وائٹس نے اسلام آباد کو 5 وکٹوں سے ہرادیا۔اسے 109 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اس سے قبل اسلام آباد کی ٹیم دوسری اننگز میں 155 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔احمد دانیال نے34 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔احمد بشیر نے 2 کھلاڑی آؤٹ کیے میچ میں انہوں نے 9 وکٹیں حاصل کیں۔

ایبٹ آباد اسٹیڈیم ایبٹ آباد میں ملتان کو بہاولپور کے خلاف جیتنے کے لیے221 رنز کا ہدف ملا لیکن پوری ٹیم 142 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عمران رندھاوا نے 31 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل بہاولپور کی ٹیم دوسری اننگز میں 70 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔وسیم اکرم نے38 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں اس طرح انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر9 وکٹیں حاصل کیں۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم ملتان میں کراچی بلوز نے فاٹا کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں پر 251 رنز بنائے تھے۔ عبداللہ فضل 122 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

سعید اسپورٹس سٹی لاہور میں کوئٹہ نے لاہور بلوز کے خلاف دوسری اننگز میں 92 رنز بنائے تھے اور اس کے 8 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے۔ محمد عباس نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔کوئٹہ کو 43 رنز کی برتری حاصل ہے اور اس کی دو وکٹیں باقی ہیں۔

رانا نوید اکیڈمی شیخوپورہ میں سیالکوٹ کی ٹیم ڈیرہ مراد جمالی کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں پر 451 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ دانش عزیز نے98 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔

ڈیرہ مراد جمالی نے اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 25 رنز بنائے تھے۔

تعارف: News Editor