اسپیشل اولمپک ورلڈ ونٹر گیمز میں پاکستان اسنو شوئنگ اور کراس کنٹری اسکنگ میں حصہ لے گا۔
رونق لاکھانی
ایس او پی کی چیئرپرسن کی کیمپ میں کھلاڑیوں سے ملاقات، کارکردگی سے پاکستان کانام روشن کریں
کراچی۔ نوازگوھر
اسپیشل اولمپک پاکستان کی چیئرپرسن رونق اقبال لاکھانی نے کہا ہے کہ اگلے سال مارچ میں اٹلی کے شہر ٹورینو (Torino) میں کھیلے جانے والے اسپیشل اولمپک ورلڈ ونٹر گیمز میں پاکستان کے اسپیشل ایتھلیٹس اسنو شوئنگ (Snow Shoeing) اور کراس کنٹری اسکنگ (Skiing) کے مقابلوں میں حصہ لیں گے
8 مارچ 2025 سے شروع ہونے والے ورلڈ ونٹر گیمز میں 103 ممالک کے 1500 (پندرہ سو) سے زائد کھلاڑی شرکت کریں گے
رونق لاکھانی نے کہا کہ ورلڈ گیمز کی تیاریوں کے سلسلے میں کراچی میں اسپیشل اولمپک پاکستان کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لگایا گیا 10 روز تک جاری رہنے والے کیمپ میں پاکستان کے مختلف شہروں سے منتخب ہونے والے 20 کھلاڑیوں نے حصہ لیا
جنہیں ایس او پی کے کوالیفائڈ کوچز نے کلفٹن کے ساحل سمندر اور جم میں ٹریننگ دی اس ضمن میں اسنو شوز اور اسکیز خصوصی طور پر بیرون ملک سے دعآمد کئے گئے ہیں
جبکہ انڈور سیشن میں اسنو شوئنگ او ر کراس کنٹری اسکنگ کے ٹیکنیکل امور سے متعلق آگاہی فراہم کی چیئرپرسن رونق لاکھانی نے میڈیا ایڈوائیزر آصف عظیم کے ہمراہ تربیتی کیمپ میں شریک کھلاڑیوں سے ملاقات کی
اس موقع پر ان کاکہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو ونٹر گیمزکے موسم سے ہم آہنگ کرنے کیلئے دسمبر میں خانصپور (Khanaspur) یا نلتر (Naltar) کے سرد مقام پر ٹریننگ کیمپ کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا جائے گا
انہوں نے کھلاڑیوں کو مزید محنت کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اپنی کارکردگی سے ونٹر گیمز میں پاکستان کا نام روشن کرنے کی بھرپور کوشش کریں