پاکستان سنوکر پلیئر محمد آصف تیسری بار ورلڈ چیمپئن شپ جیت کر وطن واپس پہنچ گئے۔
کراچی ایئر پورٹ پہنچنے پر سنوکر چیمپئن محمدآصف کا شاندار استقبال کیا گیا، محمد آصف نے پہلی بار بلغاریہ، دوسری بار ترکی اور اب تیسری بار قطر میں منعقدہ سنوکر فائنل میں ایرانی کھلاڑی کو شکست دی۔
ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد آصف کا کہنا تھا کہ اگلی مرتبہ بھی اپنے ملک کے لیے ٹائٹل جیتوں گا، حکومتی سطح پر سنوکر کے کھیل کو بھی فروغ دینے کی ضرورت ہے، اپنے ملک کے لیے چیمپئن بننا میرے لیے بڑا اعزاز ہے۔
آصف نے شکوہ کیا کہ مجھے افسوس ہے ایئرپورٹ پر کوئی حکومتی نمائندہ مجھے لینے نہیں پہنچا، اگر ورلڈ چیمپئنز کے ساتھ ایسا رویہ ہوگا تو نئے پلیئرز کیسے متاثر ہوں گے، یہ رویہ ٹھیک نہیں ہے۔
محمد آصف نے کہا کہ حکومت چیمپئنز پلیئرز کی ٹھیک طرح حوصلہ افزائی کرے، بطور پلیئر میرا کام ہے گیم پر فوکس کرنا اور وہ میں ہمیشہ کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ میرا کام پاکستان کیلئے میڈل جیتنا تھا، وہ جیتا اب حکومت انعام پر نظر ثانی کرے۔
محمد آصف کا کہنا تھا کہ تیسرا ورلڈ ٹائٹل جیتنے کے بعد اب پہلے سے زیادہ پر اعتماد ہوں، کوشش کروں گا کہ چوتھا ورلڈ ٹائٹل بھی پاکستان کو دلاؤں اور ایک منفرد ریکارڈ بناؤں۔
انہوں نے کہا کہ ایسا ریکارڈ پاکستان کے نام کرنا چاہتا ہوں کہ جس کو توڑنا آسان نہ ہو۔ آصف نے بتایا کہ انڈین پلیئرز سے ہمیشہ اچھے تعلقات رہے ہیں، وہ یہاں آکر اور ہم وہاں جا کر کھیلنا چاہتے ہیں۔