پاکستان نے 22 سال بعد آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز ہراکر تاریخ رقم کردی

پاکستان نے 22 سال بعد آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز ہراکر تاریخ رقم کردی

پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے ون ڈے میں 8 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-2 سے جیت لی۔

پرتھ میں کھیلے جارہے میچ میں آسٹریلوی ٹیم 31.5 اوورز میں 140 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، اوپنرز نے جارحانہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کی تاہم 20 کے مجموعی اسکور پر جیک فریزر میک گرک 7 رنز بناکر نسیم شاہ کا شکار بنے،

آرون ہارڈی 12 اور کپتان جوش انگلس 7، مارکس اسٹوئنس 8، ایڈم زمپا 13 گلین میکسویل صفر پر پویلین لوٹے۔ اوپنر میٹ شارٹ 22 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل سکے۔

میچ کے دوران ہاتھ پر گیند لگنے کے سبب کوپر کونولی 7 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے اور دوبارہ بیٹنگ کیلئے نہ آسکے، کینگروز کیلئے 8ویں وکٹ کی شراکت میں 22 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی تاہم شان ایبٹ 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے 3، 3 حارث رؤف نے 2 جبکہ محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے اوپنرز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے پہلی وکٹ کیلئے 84 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، تاہم، عبداللہ 37 اور صائم ایوب 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ بابراعظم 28 اور محمد رضوان 30 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پاکستان کی دونوں وکٹیں لانس مورس نے حاصل کیں، انکے علاوہ کوئی بھی بالر وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔

قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا میچ میں فتح کیساتھ سیریز جیت کر دورے کو یادگار بنانا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر آسٹریلوی کپتان جوش انگلس نے کہا کہ میچ میں فتح یقینی بناکر سیریز اپنے نام کریں گے، پلئینگ الیون میں5 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ان میں کوپر کونولی، مارکس اسٹوئنس، لانس مورس، شان ایبٹ اور اسپینسر جانسن شامل ہیں۔

آسٹریلوی کپتان جوش انگلس کا کہنا ہے کہ سیریز میں ٹیم کی پرفارمنس مایوس کن رہی ہے۔

پرتھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جوش انگلس نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کی کپتانی کرنا اچھا لگا مگر سیریز ہارنے پر مایوسی ہوئی،انہوں نے کہا کہ پاکستان سے سیریز میں ہم مکمل طور پر آؤٹ کلاس ہوئے ہیں،ہمارے بیٹرز دوسرے اور تیسرے میچ میں رنز نہیں کر سکے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ یہ میرے لیے بہت خاص لمحہ ہے، ٹیم کے تمام کھلاڑی ہی مجھے مشورے دیتے ہیں،جیت کا پورا کریڈٹ بولرز کو جاتا ہے۔ انہوں نے عمدہ بولنگ کی، اوپنرز صائم ایوب اور عبداللّٰہ شفیق نے ہمیں دوسرے اور تیسرے میچ میں اچھا آغاز دیا۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں آسٹریلیا کو ہرانا آسان نہیں ہوتا مگر صائم اور عبداللّٰہ نے اچھا آغاز فراہم کیا، فینز ہمیں ہر جگہ سپورٹ کرتے ہیں چاہے موسم جیسا بھی ہو یا ہم جیتیں یا ہاریں۔

پاکستان کا اسکواڈ; کپتان محمد رضوان، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابراعظم، کامران غلام، سلمان آغا، عرفان خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین

آسٹریلیا کا اسکواڈ; کپتان جوش انگلس، میٹ شارٹ، جیک فریزر میک گرک، آرون ہارڈی، کوپر کونولی، مارکس اسٹوئنس، گلین میکسویل، شان ایبٹ، ایڈم زمپا، اسپینسر جانسن اور لانس مورس

واضح رہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے ون ڈے میچ میں شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی

تعارف: News Editor