کراچی ; کے ایم سی میٹرو پولیٹن کپ فٹبال ٹورنامنٹ 2024 کا باقاعدہ آغاز ہوگیا
کے ایم سی میٹرو پولیٹن کپ فٹبال ٹورنامنٹ 2024 کا باقاعدہ آغاز ہوگیا
کراچی ; بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام کے ایم سی میٹروپولیٹن کپ فٹبال ٹورنامنٹ 2024 کا باقاعدہ آغاز ہوگیا،
میئر کراچی بیر سٹر مرتضی وہاب نے کے ایم سی میٹروپولیٹن کپ فٹبال ٹورنامنٹ 2024 کے آغاز کے موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے سے کراچی کے میدان آباد ہونگے
اور نوجوانوں کی صلاحیتیں ابھر کر سامنے آئیں گی، فٹ بال کراچی خصوصاً لیاری کے نوجوانوں کا پسندیدہ کھیل ہے اور فٹ بال ہی دنیا بھر میں کھیلا جانے والا سب سے مقبول کھیل ہے،
انہوں نے کہا کہ کے ایم سی میٹروپولیٹن کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے ذریعے ہماری کوشش ہوگی کہ قومی ٹیم کو باصلا حیت کھلاڑی فراہم کئے جائیں،
کے ایم سی میٹروپولیٹن کپ فٹبال ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح یوسی 5 کے چیئرمین شاہد حسین بلوچ اور سینئر ڈائریکٹر ریکریشن رضا عباس رضوی نے کیا،
اس موقع پر جناح ٹاؤن اور صدر ٹاؤن کے درمیان افتتاحی میچ کھیلا گیا، شائقین کی ایک بہت بڑی تعداد یہ مقابلہ دیکھنے کے لیے موجود تھی،
سینئر ڈائریکٹر ریکریشن رضا عباس رضوی نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی فٹبال، کرکٹ، ہاکی، والی بال، اسنوکر، کبڈی سمیت تمام مقبول کھیلوں کی سرپرستی اور ان کے فروغ کے لئے اقدامات کر رہی ہے
اور ہرممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ نوجوانوں کو مثبت اور صحت بخش سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جائے، کے ایم سی میٹروپولیٹن کپ فٹبال ٹورنامنٹ 2024 کا انعقاد بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے،
امید ہے کہ یہ ٹورنامنٹ کراچی کی تاریخ کا یادگار ترین فٹبال ٹورنامنٹ ثابت ہوگا اور اس کے ذریعے مزید باصلاحیت نوجوان کھلاڑی ابھر کر سامنے آئیں گے،
تفصیلات کے مطابق کے ایم سی میٹروپولیٹن کپ فٹبال ٹورنامنٹ 2024 میں کل 24 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں 23 ٹیموں کا تعلق ٹاؤن انتظامیہ سے ہے جبکہ کے ایم سی کی ایک ٹیم بھی ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہے،
کے ایم سی میٹروپولیٹن کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی سمیت 10 لاکھ روپے، دوسرے نمبر پر رہنے والی ٹیم کو 5 لاکھ روپے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو ڈھائی لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا،
ٹورنامنٹ کے میچز کراچی کے ساتوں اضلاع میں واقع فٹبال گراؤنڈز میں منعقد ہوں گے جبکہ سیمی فائنل اور فا ئنل فلڈ لائٹس میں کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ میں سپروائز کرنے کے لئے بین الاقوامی تنظیم فیفا سے منظور شدہ ریفری اور دیگر ٹیکنیکل عملے کی خدمات حاصل کی گئی ہیں
جبکہ سابق فٹ بالرز اور ماہرین کی مشاورت کو بھی یقینی بنایا گیا ہے تاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت شہر میں منعقد ہونے والے اس پہلے میٹروپولیٹن کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کو ہر اعتبار سے امعیار کے مطابق بنایا جائے اور فٹ بال کے شائقین کو بہترین کھیل دیکھنے کو ملے،
ٹورنامنٹ میں مختلف ٹاؤنز کی شرکت کرنے والی ٹیموں کٹس بھی فراہم کی گئیں ہیں، کے ایم سی میٹروپولیٹن کپ 2024 کا پہلا میچ جناح ٹاؤن اور صدر ٹاؤن کے درمیان کھیلا گیا، سنسنی خیز مقابلے کے بعد جناح ٹاؤن نے یہ میچ 2 کے مقابلے میں 4 گول سے جیت لیا،