پاکستان انڈر 19ٹیم تین ملکی ٹورنامنٹ میں مقابلے کے لیے تیار
دبئی، 12 نومبر 2024:
پاکستان ، افغانستان اور یو اے ای کے درمیان تین ملکی سیریز شروع ہو نے جا رہی ہے ، ٹورنامنٹ کی میزبانی یو اے ای کرے گا ، تین ملکی ٹورنامنٹ کا آغاز 13 نومبر سے دبئی میں ہو گا۔
پچاس اوورز پر مشتمل ٹورنامنٹ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا، تین ملکی انڈر 19 ٹورنامنٹ کا فائنل 26 نومبر کو ہوگا۔
سعد بیگ کی زیرقیادت ٹیم ہفتہ کو دبئی پہنچی ، ٹیم نے تین پریکٹس سیشنز میں حصہ لیا۔ پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ میں دیگر ٹیموں سے مقابلے کے لیے بھرپور تیار اور پرعزم ہے۔
تین ملکی سیریز کے اختتام کے بعد پاکستان آٹھ ٹیموں پر مشتمل اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں حصہ لے گا، انڈر 19 ایشیا کپ 29 نومبر سے 8 دسمبر تک دبئی اور شارجہ میں ہوگا۔
15 رکنی اسکواڈ میں سے تین کھلاڑیوں سعد بیگ، شاہ زیب خان اور طیب عارف کو آئی سی سی اکیڈمی میں کھیلنے کا تجربہ بھی حاصل ہے ، کیونکہ تینوں کھلاڑی گزشتہ سال اسی مقام پر ہونے والے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں شامل تھے۔
سعد بیگ نے پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ کی تیاری اچھی رہی ہے، کھلاڑیوں کے تربیتی سیشن بھی بہترین رہے اور اب ہماری توجہ کل کے کھیل اور ٹورنامنٹ پر ہے۔
سعد بیگ کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان اور متحدہ عرب امارات دونوں مضبوط سائیڈز ہیں اوریہ اے سی سی ایشیا کپ سے پہلے کمبی نیشن بنانے کا بہترین موقع ہے۔
تین ملکی سیریز کے لیے پاکستان انڈر 19 سکواڈ
سعد بیگ (کپتان، وکٹ کیپر) (کراچی)، عبدالسبحان (ایبٹ آباد)، علی رضا (سیالکوٹ)، فہام الحق (لاہور)، فرحان یوسف (لاہور)،
ہارون ارشد (کراچی)، حسن خان (راولپنڈی) )، محمد احمد (لاہور)، محمد حذیفہ (بہاولپور)، محمد ریاض اللہ (ایبٹ آباد)،
نوید احمد خان (کراچی)، شاہ زیب خان (ایبٹ آباد)، طیب عارف (سیالکوٹ)، عمر زیب (ایبٹ آباد) اور عثمان خان (فاٹا)
ریزوکھلاڑی ; احمد حسین (پشاور)، رضوان اللہ (کراچی) اور یحییٰ بن عبدالرحمٰن (لاہور)
پاکستان انڈر 19 کے تمام میچز آئی سی سی اکیڈمی میں کھیلے جائیں گے ، میچز کا آغاز صبح 10.30 (PKT) ہو گا۔
13 نومبر – پاکستان بمقابلہ متحدہ عرب امارات
15 نومبر – پاکستان بمقابلہ افغانستان
20 نومبر – پاکستان بمقابلہ افغانستان
22 نومبر – پاکستان بمقابلہ متحدہ عرب امارات
26 نومبر – فائنل