قائداعظم ٹرافی : محمد فیضان کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی، سات وکٹیں اور نصف سنچری

قائداعظم ٹرافی : سعود شکیل کی سنچری۔

محمد فیضان کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی، سات وکٹیں اور نصف سنچری۔

لاہور 13 نومبر ۔ نوازگوھر

قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ کے میچوں کے پہلے دن کی خاص بات کراچی وائٹس کے سعود شکیل کی سنچری اور فیصل آباد کے محمد فیضان کی سات وکٹوں اور نصف سنچری کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی تھی۔ کراچی بلوز کے محمد حمزہ نے بھی سات وکٹیں حاصل کیں۔

میرپور کرکٹ اسٹیڈیم میرپور میں ڈیرہ مراد جمالی کی ٹیم کراچی بلوز کے خلاف پہلی اننگز میں صرف 50 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔محمد حمزہ نے20 رنز دے کر7 وکٹیں حاصل کیں۔

کراچی بلوز نے جواب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے تھے۔فواد عالم نے 62 رنز بنائے۔ نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں لاڑکانہ کی ٹیم فیصل آباد کے خلاف پہلی اننگز میں 91 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

محمد فیضان نےصرف 13 رنز دے کر7 وکٹیں حاصل کیں جو ابھی تک اس ٹورنامنٹ کی بہترین انفرادی بولنگ ہے۔ فیصل آباد نے جواب میں 7 وکٹوں پر 147 رنز بنائے تھے۔محمد فیضان نے 61 رنز اسکور کیے۔

ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں حیدرآباد کی ٹیم اسلام آباد کے خلاف پہلی اننگز میں صرف 93 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔حارث خانزادہ نے دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے54 رنز اسکور کیے۔

وہ اوپن جاکر آخروقت تک ناٹ آؤٹ رہے اور بیٹ کیری کیا۔ محمد موسٰی نے32 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
اسلام آباد نے جواب میں 5 وکٹوں پر 143 رنز بنائے تھے۔

مرغزار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں ایبٹ آباد کی ٹیم لاہور وائٹس کے خلاف 174 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔خیام خان نے 49 رنز اسکور کیے۔عبید شاہ نے53 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ لاہور وائٹس نے 3 وکٹوں پر 81 رنز بنائے تھے۔

شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں بہاولپور کی ٹیم راولپنڈی کےخلاف پہلی اننگز میں 233 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔محمد شہریار 74رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔شاداب خان نے 80 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

راولپنڈی نے جواب میں 3 وکٹوں پر 41 رنز بنائے تھے۔ ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم ایبٹ آباد میں کراچی وائٹس نے آزاد جموں کشمیر کے خلاف پہلی اننگز میں 8وکٹوں پر 345 رنز بنائے تھے۔

سعود شکیل نے18 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 120 رنز اسکور کیےیہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی22 ویں سنچری ہے۔انہوں نے رمیز عزیز کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 193 رنز کا اضافہ کیا۔ رمیز عزیز 96 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

اشفاق کرکٹ گراؤنڈ۔ چارسدہ ۔ ملتان نے پشاور کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 2 وکٹوں پر 120 رنز بنائے تھے۔امام الحق 55 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

ریلوے کرکٹ گراؤنڈ ہری پور میں کوئٹہ نے فاٹا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3وکٹوں پر 89 رنز بنائے تھے ۔

گوہاٹی کرکٹ اسٹیڈیم صوابی میں لاہور بلوز نے سیالکوٹ کے خلاف 2 وکٹوں پر 142 رنز بنائے تھے۔محمد سلیم 66 اور عمرصدیق 53 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

تعارف: News Editor