تیسرا لائرز لیجنڈز کرکٹ ٹورنامنٹ ، پی ایل سی اے فاتح قرار۔
ٹورنامنٹ میں چھ ٹیموں نے حصہ لیا اور ایم آئی اے لائرز ٹیم رنر اپ رہی
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)
محمد اسحاق علی، ایڈوکیٹ (ایم آئی اے اینڈ کمپنی)کے زیر اہتمام تیسرا لائرز لیجنڈز کرکٹ ٹورنامنٹ 2024، ایس کے بی زیڈ گرائونڈ میں ایک دلچسپ فائنل میچ کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
ٹورنامنٹ میں چھ ٹیموں نے حصہ لیا جن میں سے چار کراچی اور دو حیدرآباد کی تھیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ٹیموں کے مقابلوں کے بعد پاکستان لائرز کرکٹ ایسوسی ایشن پی ایل سی اے گروپ (اے) اورایم آئی اے لائرز گروپ (بی) کی ٹیموں نے فائنل میں کوالیفائی کیا۔
فائنل میچ میں M.I.A.لائرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پی ایل سی اے نے اپنی بلے بازی کی طاقت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 20 اوورز میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر 160رنز کا مسابقتی ہدف دیا۔
اہم کارکردگی میں عاطف بیگ کے54گیندوں پر 57اور سید احمد امام کے 39گیندوں پر 55رنز شامل تھے۔ ایم آئی اے لائرز کی جانب سے معراج احمد سولنگی اور غالب حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
160کا تعاقب کرتے ہوئے، ایم آئی اے لائرز کو پی ایل سی اے کے بالنگ اٹیک سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا اور انہوں نے اپنے 20اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 134رنز بنائے، جس سے پی ایل سی اے 26رنز سے فتح قرار پائی۔
عاطف بیگ کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔ فتح ٹیم پی ایل سی اے کو عارف حسین نے ٹرافی پیش کی جبکہ نقد انعام بھی دئیے گئے ،
آخر میں بہترین ٹورنامنٹ کا اہتمام کروانے پر شرکاء نے محمد اسحاق علی ایڈووکیٹ کا شکریہ اداکیا ۔