قائداعظم ٹرافی : اسلام آباد نے حیدرآباد کو اننگز اور 2 رنز سے شکست دیدی

قائداعظم ٹرافی : اسلام آباد نے حیدرآباد کو اننگز اور 2 رنز سے شکست دیدی۔

محمد موسٰی کی شاندار بولنگ ، میچ میں 12 وکٹیں

کراچی بلوز نے ڈیرہ مراد جمالی کو اننگز اور 56 رنز سے ہرادیا۔

محمد حمزہ کی میچ میں 10 وکٹیں۔
——————————-

اسلام آباد؛ 14 نومبر ۔ نوازگوھر

قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ کے میچوں کے دوسرے دن کراچی بلوز نے ڈیرہ مراد جمالی کو اننگز اور 56 رنز سے شکست دے دی۔

اسلام آباد نے حیدرآباد کو اننگز اور2 رنز سے ہرادیا۔ ان میچوں کی خاص بات محمد موسیٰ اور محمد حمزہ کی شاندار بولنگ تھی۔

میرپور کرکٹ اسٹیڈیم میرپور میں پہلی اننگز میں 50 رنز پر آؤٹ ہونے والی ڈیرہ مراد جمالی کی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 51 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ آفتاب خان اور محمد حمزہ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ محمد حمزہ نے میچ میں مجموعی طور پر 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل کراچی بلوز نے اپنی پہلی اننگز میں 157 رنز بنائے تھے۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں حیدرآباد کی ٹیم جو اسلام آباد کے خلاف پہلی اننگز میں91 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی دوسری اننگز میں 99 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

محمد موسٰی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 28 رنز دے کر7 وکٹیں حاصل کیں اس طرح انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر 12 وکٹیں 60 رنز دے کر حاصل کیں۔

نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں لاڑکانہ نے فیصل آباد کے خلاف دوسری اننگز میں 8 وکٹوں پر 238 رنز بنائے تھے۔

عمر وحید نے 105 رنز کی اننگز کھیلی۔ شاہد علی نے چار وکٹیں حاصل کیں ۔اس سے قبل فیصل آباد نے اپنی پہلی اننگز میں 196 رنز بنائے تھے۔مشتاق احمد نے 64 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

مرغزار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں لاہور وائٹس کی ٹیم ایبٹ آباد کے 174 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں 227 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔احمد دانیال نے 56 اور سعد نسیم نے 50 رنز اسکور کیے۔

ایبٹ آباد نے دوسری اننگز میں 8 وکٹوں پر 125 رنز بنائے تھے۔ شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں راولپنڈی نے بہاولپور کے 233 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 9 وکٹوں پر 306 رنز بنائے تھے۔عاقب شاہ 62۔ تیمور خان 59 اور شاداب خان54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔مہران سانول نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم ایبٹ آباد میں کراچی وائٹس کی ٹیم آزاد جموں کشمیر کے خلاف پہلی اننگز میں 356رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سعود شکیل کے بعد رمیز عزیز نے بھی سنچری اسکور کی اور 14 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 107 رنز بنائے۔تاج ولی نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

آزاد جموں کشمیر نے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 231 رنز بنائے تھے۔قاضی اربقان نے61 رنز اسکور کیے۔

اشفاق کرکٹ گراؤنڈ۔ چارسدہ میں ملتان کی ٹیم پشاور کے خلاف پہلی اننگز میں 292 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔امام الحق نے 60 اور محمد باسط نے54 رنز بنائے۔ عامر خان نے 98 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔

پشاور نے کھیل ختم ہونے پر پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 70 رنز بنائے تھے۔
ریلوے کرکٹ گراؤنڈ ہری پور میں کوئٹہ کی ٹیم فاٹا کے خلاف پہلی اننگز میں 187 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔محمد ابراہیم نے48 رنز بنائے۔ارشد اللہ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

فاٹا نے پہلی اننگز میں 3 وکٹوں پر 152 رنز بنائے تھے۔محمد فاروق نے73 رنز اسکور کیے۔ گوہاٹی کرکٹ اسٹیڈیم صوابی میں لاہور بلوز نے سیالکوٹ کے خلاف پہلی اننگز 7 وکٹوں پر 439 رنز بناکر ڈکلیئر کردی ۔

محمد سلیم نے117 اور عمرصدیق نے 115 رنز کی اننگز کھیلیں ۔ دونوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 217رنز کا اضافہ کیا۔ان دونوں کے بعد قاسم اکرم نے بھی سنچری اسکور کی اور101 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

تعارف: News Editor