قائداعظم ٹرافی : لاہور وائٹس نے ایبٹ آباد کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔
فیصل آباد نے لاڑکانہ کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
عابدعلی اور معاذ صداقت کی سنچریاں۔
مشتاق کلہوڑو کی میچ میں 10 وکٹیں
——————————-
لاہور 15 نومبر ۔ نوازگوھر
قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ کے میچوں کے تیسرے دن فیصل آباد نے لاڑکانہ کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی جبکہ لاہور وائٹس نے ایبٹ آباد کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔
نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں فیصل آباد کو لاڑکانہ کے خلاف جیت کے لیے 173 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ علی شان نے 58 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ مشتاق کلہوڑو نے70 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اس طرح انہوں نے میچ میں 134رنز کے عوض 10 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل لاڑکانہ کی ٹیم دوسری اننگز میں 277 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔شہزاد گل اور شاہد علی نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔
مرغزار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں لاہور وائٹس کو ایبٹ آباد کے خلاف جیتنے کے لیے 79 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اس سے قبل ایبٹ آباد کی ٹیم دوسری اننگز میں 131 رنز بناسکی تھی۔
شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں راولپنڈی کی ٹیم بہاولپور کے 233 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 324 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔عاقب شاہ تیمور خان اور شاداب خان کے بعد اویس انور نے بھی نصف سنچری اسکور کی۔مہران سانول نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
بہاولپور نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 258 رنز بنائے تھے۔
عابدعلی نے 100 رنز اسکور کیے۔ یہ ان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں 30 ویں سنچری ہے۔
علی حمزہ وسیم نے80 رنز بنائے۔ ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 183 رنز کا اضافہ کیا۔
ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم ایبٹ آباد میں کراچی وائٹس نے آزاد جموں کشمیر کے خلاف دوسری اننگز میں 6 وکٹوں پر 151 رنز بنائے تھے۔کراچی وائٹس کی مجموعی برتری 219 رنز کی ہوچکی ہے۔
اس سے قبل آزاد جموں کشمیر کی ٹیم پہلی اننگز میں 288 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ قاضی اربقان اور اویس اکرم نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔آفتاب ابراہیم اور ثاقب خان نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔
اشفاق کرکٹ گراؤنڈ۔ چارسدہ میں پشاور کی ٹیم ملتان کے 292 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں251 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ معاذ صداقت نے 114 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد اسمعیل نے 84 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
ملتان نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 31رنز بنائے تھے۔
ریلوے کرکٹ گراؤنڈ ہری پور میں فاٹا کی ٹیم کوئٹہ کے 187 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 343 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔محمد فاروق 73۔محمد سرور 58 اور شاہد عزیز58 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔محمد ادریس اور جلات خان نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔
کوئٹہ نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 66 رنز بنائے تھے۔
گوہاٹی کرکٹ اسٹیڈیم صوابی میں سیالکوٹ نے لاہور بلوز کے 439 رنز کھلاڑی آؤٹ ڈکلیئرڈ کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں پر 225 رنز بنائے تھے۔ محمد ولید 83 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے۔عماد بٹ نے 61 رنز بنائے۔ محمد عباس نے 39 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔