قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ میں شکست کا ذمہ دار کیچز ڈراپ ہونے کو قرار دے دیا۔
سڈنی میں کھیلے گئے ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 13 رنز سے ہرا کر سیریز اپنے نام کرلی ہے۔ میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہاکہ فیلڈرز نے کیچ ڈراپ کیے جس کے باعث ہم میچ ہارے ورنہ نتیجہ مختلف ہوتا، انہوں نے حارث رؤف سمیت دیگر بولرز کی بولنگ کی تعریف کی۔
انہوں نے کہاکہ عثمان خان اور عرفان نیازی نے بہترین بیٹنگ کی، ہم کوشش کریں گے کہ تیسرے میچ میں کم بیک کریں۔
میچ میں پاکستانی فیلڈرز نے چار کیچز ڈراپ کیے اور پاکستان کے چار کھلاڑی صفر پر آٹ ہوئے۔ سلمان آغا، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور سفیان مقیم بغیر رن بنائے آٹ ہوئے۔
آسٹریلوی اسپنر جانسن نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جس کی بنیاد پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا نے ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 148 رنز کا ہدف دیا تھا، تاہم قومی ٹیم 134 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے حارث رف نے 4 اور عباس آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آٹ کیا جبکہ دو وکٹیں صفیان مقیم کے حصے میں آئیں۔148 رنز کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 19.4اوورز میں 134 رنز بنا کر آٹ ہوگئی۔
پاکستان کے عثمان خان نے 52 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ عرفان خان 37 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔کپتان محمد رضوان نے 16 رنز بنائے۔صاحبزادہ فرحان نے5 اور عباس آفریدی نے 4 رنزبنائے۔ بابراعظم نے 3 اور حارث رف نے 2 رنز بنائے۔
یاد رہے کہ بارش سے متاثرہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 31 رنز سے شکست دی تھی۔
تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو 2 صفر کی سبقت حاصل ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی پیر کو کھیلا جائےگا۔